عالمی مرکز مهدویت – icm313.com

غدیر پر ایک سوال کا جواب – استاد محترم علامہ آغا علی اصغر سیفی صاحب

سوالات و جوابات
مہدوی سوالات و جوابات

غدیر پر ایک سوال کا جواب – استاد محترم علامہ آغا علی اصغر سیفی صاحب

السلام علیکم ورحمۃاللہ
ہمارے سوشل میڈیا میں بسا اوقات ایسے پیغامات نشر ہوتے ہیں کہ جس میں بتایا جاتا ہے کہ فلاں ہستی نے عید غدیر کو عملی شکل دی۔

اس میں کوئی شک نہیں، زمانہ غیبت میں بڑی بڑی شخصیات پیدا ہوئیں جنہوں نے عظیم اور قابل فخر کام ملت تشیع کے لیے انجام دیے اور بعنوان خادمِ امام زمانہ۔ بطور منتظر امامؑ عج، مولاؑ کی خدمت اور نصرت کی۔ وہ ہماری سر آنکھوں پر ہیں۔
لیکن کوئی بھی مہدیؑ عج کے علاوہ وارث غدیر نہیں۔ اور کوئی بھی مہدی عج کے علاوہ غدیر کو عملی شکل میں بپا نہیں کر سکتا۔

وہ ہستی جس نے خطبہ غدیر کو دنیا میں عملی حیثیت دینی ہے اور دنیا کو غدیر کی نگاہ میں باسعادت اور امن و سکون اور عدل و حکمت کا جہاں بنانا ہے کہ جہاں مومنین بہشتی زندگی گذاریں گے اور آسمانی مخلوقات زمین والوں پر رشک کریں گی اور زمین نور خدا سے چمکے گی اور ہر شخص غدیری بنے گا وہ مہدی ؑ عج یوسف زہرا، علیؑ زماں اور وارث غدیرؑ کا زمانہ ظہور ہے۔

امام معصومؑ امام مہدی عج اور ان کے ناصرین غدیر کو عملی شکل دیں گے۔

ہاں یہ ساری ہستیاں ، یہ سارے رہبر جیسے امام خمینیؒ ، رہبر معظم سیدعلی خامنہ ای اور اسی طرح آیتہ العظمیٰ سیستانی ، یا لبنان کے عظیم سالار حسن نصراللہ یا اور بھی ممالک کے اندر ہمارے قائدین اور بزرگان یہ سارے راہ غدیر کے خادم اور اس راہ میں ملتوں کی رہبری کررہے ہیں۔ کہ جو پیش خیمہ بنیں گے مولاؑ کے ظہور کا اور عملی غدیر کا۔

ہمیں چاہیے کہ ان ہستیوں کی ہمراہی کریں۔ اور اپنے اپنے ممالک کے حالات کے پیش نظر اور پرامن طریقے سے اور تمام مسلمان طبقات کے ساتھ باہنی رواداری ،محبت اور اخوت کے جذبوں کے ساتھ راہِ غدیر کو آگے بڑھائیں اور ہر قسم کے تعصب اور تفرقہ سے پرہیز کریں۔

غدیر سب انسانوں اور مسلمانوں کا مستقبل ہے یہ کسی ایک ملت سے خاص نہیں ہے۔ امام مہدیؑ عج ساری انسانیت کے امام ہیں۔ وہاں مذہب اور فرقہ نہیں بلکہ فقط انسانیت ہے۔

غدیر یعنی جو انسانیت کے جلوؤں کو عملی شکل دے دے۔

خود نبی کریمؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خطبہ کے آخر میں وارث غدیر کا ذکر کیا ہے اور امام مہدیؑ بعنوان خاتم الآئمہ کہ جن پر ولایت کا اختتام ہو گا ان کی پچیس صفات ذکر کی ہیں۔ اور بتایا ہے کہ وہ کون ہے جو دنیا کو غدیری دنیا بنائے گا!!

امام زمانہؑ عج الشریف کا تفصیلی تعارف بتا رہا ہے کہ مہدیؑ عج ہی ہیں جو وارث غدیر ہیں اور علیؑ زماں ہیں جنہوں نے دنیا سے کفر وشرک ، الحاد اور باطل کے قلعے ختم کرنے ہیں۔ جنہوں نے نفاق، تفرقہ، جھوٹ اور تعصب کی رسیاں کاٹنی ہیں اور دنیا سے برائیوں ،بیماریوں اور انسانیت کو درد و رنج دینے والے سارے مظالم ختم ہونگے اور دنیا امن و امان اور عدل و انصاف اور تمام تر انسانی محبتیں اور اچھی خصلتیں اور اعلیٰ ترین اقدار کا محور و مرکز بنے گی۔

امام زمان عج الشریف اور ان کے تین سو تیرہ ناصر جو بلند ترین مقام رکھتے ہیں کہ جنہیں اولیاء پروردگار کہا گیا ہے اور باقی ہزاروں لاکھوں ناصر غدیر کے پیغام کو دنیا میں عملی شکل دیں گے۔

ہم سب بیتابی سے وارثِ غدیر کا انتظار کر رہے ہیں اور یہ جتنے بھی کام ہو رہے ہیں دنیا میں جیسے انقلاب اسلامی ایران سے لیکر کر جگہ جگہ جتنی بھی تحریکیں ہیں یہ ساری پیش خیمہ ہیں غدیر کو عملی شکل دینے اور امام زماں عج کی خدمت کا اور ان کی مقدس راہ میں بعنوان سرباز اپنی خدمت ادا کرنے کا اور اپنی ذمہ داری بعنوان منتظر ادا کرنے کا یہ ایک موقع اور فرصت ہے۔

پروردگار سب کو ایسی فرصتیں مہیا فرمائے ۔
الہیٰ آمین۔
پروردگارِ عالم جلد وارث غدیر کے ظہور میں تعجیل فرمائے اور ہم سب کو وارث غدیر کے خادموں میں سے قرار دے اور جو اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں ان کی ہمراہی کی توفیق دے۔ الہی آمین
والسلام۔
عالمی مرکز مہدویت قم

دیدگاه خود را اینجا قرار دهید