عالمی مرکز مهدویت – icm313.com

گیارھواں کتابچہ ” عصر ظہور” – درس 13 – امام کے قیام کا تجزیہ

کتابچه 11
مہدی مضامین و مقالات

گیارھواں کتابچہ ” عصر ظہور” – درس 13 – امام کے قیام کا تجزیہ

گیارھواں کتابچہ ” عصر ظہور”
 درس 13
 امام کے قیام کا تجزیہ
 نکتہ: امام زمانہ عج کی اللہ تعالیٰ کی طرف سے مدد “رعب”

استاد مہدویت علامہ علی اصغر سیفی صاحب

خلاصہ:
منصور بالرعب:
عصر ظہور کےحوالے سے مختلف نکات موضوع بحث ہیں آج ہماری گفتگو امامؑ عج کا لقب منصور بالرعب ہے کہ جب امامؑ عج ظہور فرمائیں گے تو ان کی ہیبت کافروں اور منافقین کے دلوں میں بیٹھ جائے گی۔ البتہ مومنین اور عام لوگ امام ؑ عج کے ظہور سے خوشحال ہونگے۔ امام ؑ عج کی زیارت کریں گے اور آپ کے گرد جمع ہونگے۔ امام ؑ عج سے انس کا اظہار کریں گے لیکن کافر دہشت زدہ ہوجائے گا۔ حتی کہ بہت سارے مقامات پر دشمن تسلیم ہوجائیں گے اور لڑنے سے انکار کر دیں گے۔

قرآن مجید میں سورہ آل عمران کے اندر آیت 151 میں سپاہ اسلام کی عظمت بیان ہو رہی ہے:
سَنُلْقِىْ فِىْ قُلُوْبِ الَّـذِيْنَ كَفَرُوا الرُّعْبَ
اب ہم کافروں کے دلوں میں ہیبت ڈال دیں گے

یہ ہیبت اور خوف پروردگار دلوں میں ڈالتا ہے کیونکہ وہ دلوں کا مالک ہے اور یہ اللہ کی جانب سے امامؑ اور ان کے انصار کی مدد ہوگی۔

محمد بن مسلم ثقفی ایک روایت امام محمد باقرؑ سے نقل کرتے ہیں۔ اور یہ روایت ہماری مختلف کتابوں میں موجودہے مثلاً کمال الدین میں۔

فرماتے ہیں:
“ہمارے قائمؑ عج ان کی مدد جو پروردگار کی جانب سے ہوگی وہ یہی رعب اور ہیبت ہوگی جو دشمنوں کے دلوں میں پروردگار کی جانب سے بیٹھے گی۔
فرماتے ہیں کہ: 
خدا خود ان کی مدد فرمائے گا اور زمین ان کے لیے سکڑے گی۔
(جیسے 7 ماہ میں یہ سپاہ بڑی سرعت سے ساری دنیا کو فتح کریں گے اور پوری دنیا کو حکومت الہیٰ کے لیے ہموار کرے گی)۔

امام صادقؑ سے بھی اسی طرح کی روایت نقل ہوئی ہے جو کتاب الغیبہ نعمانی میں ہےاور خود علامہ مجلسی نے بحار الانوار میں نقل کیا ہے۔

امام صادقؑ فرماتے ہیں:
اللہ تعالیٰ ہمارے قائم عج کی تین لشکروں سے مدد کرے گا۔

  • سب سے پہلا لشکر ملائکہ کا
  • دوسرا لشکر مومنین کا
  • تیسرا لشکر رعب ہے۔

امام قائم اسی طرح دشمن کے مدمقابل خروج اور جنگ کریں گے جیسے رسولؐ اللہ آیا کرتے تھے۔

اسی طرح تفسیر عیاشی میں اور علامہ مجلسی روایت نقل کرتے ہیں کہ امام محمد باقرؑ فرماتے ہیں کہ:
مولاؑ عج اور ان کی سپاہ کا خوف دشمن کو ایک مہینہ پہلے ہی ہو جائے گا یہاں تک کہ جب وہاں سے گذر جائیں گے تو ایک ماہ بعد تک یہ خوف رہے گا۔

یعنی اگر کوئی دشمن بچ گیا تو جرات نہ رکھے گا کہ امامؑ عج کے مدمقابل آئے یا اس حکومت اسلامی کے خلاف کوئی کاروائی کرے۔

اسی طرح ہم دیکھتے ہیں کہ امیرالمومنینؑ سے روایت نقل ہوئی ہے جو آیت اللہ صافی گلپائیگانی نے نقل کی ہے کہ مولاؑ فرماتے ہیں کہ:

امام مہدیؑ عج کے آگے آگے ان کا رعب حرکت میں آئے گا۔ اور کسی میں جرات نہ ہوگی کہ امام ؑ کے مدمقابل آئے اور جو ایسی کوشش بھی کرے گا شکست کھائے گا۔

یہ روایت علامہ مجلسی نے بھی نقل کی ہے اور جناب کامل سلمان نے کتاب یوم الخلاص میں بھی نقل کی ہے۔

امام صادقؑ فرماتے ہیں کہ:
امام قائمؑ عج جب حکم دیں گے کہ فلاں شخص کو گرفتار کیا جائے یا قتل کیا جائے تو لوگ اسے قتل کریں گے کیونکہ امامؑ عج ایسے تو کسی کے بارے میں حکم نہیں دیتے کیونکہ یہ حکم ہی لوگوں کو لرزائے گا۔ اور اس وقت کوئی گھر کے اندر بھی ظلم نہیں کرے گا کیونکہ اسے ڈر ہوگا کہ کہیں گھر کے در و دیوار مولاؑ عج کو نہ بتا دیں اور اسے سزا نہ ہو جائے۔ یعنی اس قدر خوف مجرمین، کافرین اور منافقین کے دلوں میں ہوگا نا کہ عام لوگوں کے دلوں میں ہوگا۔

یہ فرمان کمال الدین میں ہے
پیغمبرؐ اکرم کا فرمان ہے کہ:
پروردگار قائمؑ عج کے لیے زمین کے خزانے اور معدنیات کو ظاہر کرے گا اور ان کی مدد رعب اور ہیبت کے ذریعے کرے گا اور مولا عدل و انصاف زمین کو بھریں گے۔ یعنی دو چیزوں کی جانب اشارہ کیا کہ 🫴
ایک تو یہ کہ زمین کے خزانے ان کے لیے ظاہر ہونگے اور دوسرے ان کا رعب ان کے دشمنوں کے دلوں پر بیٹھے گا۔

ایک طرف خوف ہے اور دوسری جانب بشارت ہے۔ یعنی مولاؑ ایک طرف ظالمین کا خاتمہ کریں گے اور دوسری جانب ان خزانوں سے مظلومین کی مدد کریں گے جس سے لوگوں کی بنیادی ضروریات بھی پوری ہونگی۔ اور سرمایہ داروں کو جو لوگوں کو تنگی دیتے تھے ان کو مولاؑ ختم کریں گے۔

جاری ہے:
والسلام

عالمی مرکز مہدویت قم​

دیدگاه خود را اینجا قرار دهید