عقائد توحید – درس 6
عقائد توحید – درس 6
اللہ تعالیٰ کی معرفت پر برھان نظم، جوڑے اور حیات کے نظام پر نکات
استاد محترم آغا علی اصغر سیفی صاحب
خلاصہ :
پروردگار اس پیچیدہ اور خوبصورت نظام کائنات کی نشانیوں کے بارے قرآن کریم میں ارشاد فرما رہا ہے۔
جوڑے کا نظام:
یہ ایک خوبصورت ترین اور اہم ترین نشانی ہے۔ جو پوری کائنات کے اندر چھایی ہوئی ہے۔
اللہ نے ہر چیز کو مادہ اور نر کی شکل میں بنایا۔ انسان ، حیوانات اور نباتات سبھی جوڑے میں بنے تاکہ ایک دوسرے سے سکون حاصل کریں اور ان کےاندر محبت اور آپس میں مہربانی کی فضا قائم ہو۔ یہ چیز ان کی زندگی کو بھی خوشگوار کرے اور اس کائنات کے چلنے میں بھی مدد کرے۔
سورہ روم 21 نمبر آیت:
وَمِنْ اٰيَاتِهٓ ٖ اَنْ خَلَقَ لَكُمْ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ اَزْوَاجًا لِّتَسْكُنُـوٓا اِلَيْـهَا وَجَعَلَ بَيْنَكُمْ مَّوَدَّةً وَّرَحْـمَةً ۚ اِنَّ فِىْ ذٰلِكَ لَاٰيَاتٍ لِّـقَوْمٍ يَّتَفَكَّـرُوْنَ
اور اس کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ تمہارے لیے تمہیں میں سے بیویاں پیدا کیں تاکہ ان کے پاس چین سے رہو اور تمہارے درمیان محبت اور مہربانی پیدا کر دی، جو لوگ غور کرتے ہیں ان کے لیے اس میں نشانیاں ہیں۔
یہ اہل فکر کی نشانیاں ہیں اگر وہ اسی موضوع میں غور کریں تو وہ پرورگار کی عظیم حکمت اور اس کے بے پناہ علم اور اسکی بے پناہ رحمت سے آگاہ ہوجائیں اور اسے پتہ چل جائے گا کہ اس کائنات کا ایک ہی مدبر ، اور ناظم ہے اور وہ پروردگار عالم کی ذات ہے۔
سورہ الذریات میں آیت نمبر 49 میں پروردگار عالم فرما رہا ہے:
وَمِنْ كُلِّ شَىْءٍ خَلَقْنَا زَوْجَيْنِ لَعَلَّكُمْ تَذَكَّرُوْنَ (49)
اور ہم نے ہی ہر چیز کا جوڑا پیدا کیا تاکہ تم غور کرو۔
اللہ نے اس جوڑے کے نظام کو جاندار سے ہٹ کر بھی بنایا۔
نہج البلاغہ میں 186 نمبر خطبہ:
*امیر المومنینؑ فرما رہے ہیں۔
روشنی کی مد مقابل تاریکی کو قرار دیا۔
ظاہر کو مخفی کے مد مقابل
خشکی کو تری
اور سرما کو گرما کے مد مقابل قرار دیا۔
ایسی چیزیں جو بظاہر ایک دوسرے کی ضد ہیں اور ایک دوسرے سے جڑی ہوئیں ہیں ۔ یہ اللہ کی ترکیب پر اور تخلیق و نظم پر دلالت کرتی ہیں۔
سبحان اللہ
سورہ الذریات میں پروردگار فرما رہا ہے۔ کہ میں نے دونوں کو جوڑے میں بنایا وہ ایک دوسرے سے جدا بھی ہیں اور اکھٹے بھی ہیں۔
نظام حیات :
اسی طرح پروردگار عالم ایک اور چیز کی جانب بھی اشارہ کرتا ہے اور وہ ہے حیات یعنی زندگی۔ جو کائنات کا شاہکار ہے
زندگی باعث مسرت ہے۔
سورہ انعام آیت نمبر 95 میں ارشاد پروردگار ہو رہا ہے
اِنَّ اللّـٰهَ فَالِقُ الْحَبِّ وَالنَّوٰى ۖ يُخْرِجُ الْحَىَّ مِنَ الْمَيِّتِ وَمُخْرِجُ الْمَيِّتِ مِنَ الْحَىِّ ۚ ذٰلِكُمُ اللّـٰهُ ۖ فَاَنّـٰى تُؤْفَكُـوْنَ (95)
بے شک اللہ دانے اور گٹھلی کا پھاڑنے والا ہے، مردہ سے زندہ کو نکالتا ہے اور زندہ سے مردہ کو نکالنے والا ہے، اللہ یہی ہے، پھر کدھر الٹے پھرے جا رہے ہو۔
امیر المومنین ؑ اسی خطبہ میں فرماتے ہیں۔
جتنے بھی جاندار ہیں اور اگر ساری دنیا بھی اکھٹی ہو جائے تو وہ ایک مچھر کو پیدا نہیں کر سکتے۔
اور یہ وہ راستہ ہے کہ جس کو کوئی نہیں جانتا۔اور اس راز کو جاننےمیں ہر شئی کی عقل متحیر ہے۔
پروردگار عالم کا نظام حیات اہل عقل کے لیے بہت بڑی نشانی ہے ۔
عالمی مرکز مہدویت قم