آخری پوسٹیں
درس امامت 4_ فلسفہ وجوب عصمت اہل سنت کے نظریہ کی رد
جھوٹے انحرافی فرقوں اور فتنوں کا مقابلہ_گوھر شاہی سے آشنائی- درس10
جھوٹے انحرافی فرقوں اور فتنوں کا مقابلہ_درس 8_ موضوع درس: قادیانیت سے آشنائی
دروس لقاءاللہ_ اللہ کے خالص بندوں کے مقامات
کتابچہ 14_موضوع : جھوٹے انحرافی فرقوں اور فتنوں کا مقابلہ
کتابچہ 14 _ موضوع : جھوٹے انحرافی فرقوں اور فتنوں کا مقابلہ

 امام زمان عج کی غیبت کےاسباب قسط 8

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
امام زمان عج کی غیبت کےاسباب

استاد محترم آغا علی اصغر سیفی صاحب

ترتیب و پیشکش:نازیہ بنگش
درس 8:

معصومین علیہم السلام سے غیبت بیان ہونا، امام رضا ع،امام تقی ع،امام نقی ع اور امام عسکری علیہم السلام سے غیبت امام زمان عج بیان ہونا، کچھ نکات کی تشریح_

ہماری گفتگو کا موضوع امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی غیبت ہے۔اس حوالے سے معصومین علیہم السلام سے روایات اور احادیث ہم نے نقل کی ہیں۔
آج امام رضا علیہ السلام اور اس کے بعد تا امام عسکری علیہ السلام تمام معصومین ع کے فرامین کو آپ کی خدمت میں مولا ع کی غیبت کے حوالے سے بیان کریں گے اور اس میں اہم نکات کی طرف اشارہ ہوگا۔

امام رضا علیہ السلام کی روایت
امام رضا ع امام مہدی علیہ السلام کی غیبت کے حوالے سے فرماتے ہیں *الرَّابِعُ مِنْ وُلْدِي ابْنُ سَيِّدَةِ الْإِمَاءِ يُطَهِّرُ اللَّهُ بِهِ الْأَرْضَ مِنْ كُلِّ جَوْرٍ وَ يُقَدِّسُهَا مِنْ كُلِّ ظُلْمٍ وَ هُوَ الَّذِي تَشُكُّ النَّاسُ فِي وِلَادَتِهِ وَ هُوَ صَاحِبُ الْغَيْبَةِ قَبْلَ خُرُوجِهِ َفاذَا خَرَجَ اَشْرَقَتِ الَرْضِ بِنُورِهِ*

ترجمہ:میری نسل میں سے چوتھے جو ہیں وہ کنیزوں کی سردار کے فرزند ہیں فرماتے ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ ان کے زریعے زمین کو ہر ظلم سے پاک کرے گا۔ اور ہر قسم کے ستم سے اسے منزہ اور تطہیر کرے گا، اور وہ وہ ہستی ہے کہ لوگ ان کی ولادت میں شک کریں گے اور وہ ہستی ہیں کہ اپنے قیام اور خروج سے پہلے غیبت اختیار کریں گے اور جب وہ قیام کریں گے تو زمین ان کے نور سے چمک اٹھے گی۔
اب یہاں دو تین نکتے ہیں۔۔۔
پہلی بات تو یہ ہے کہ فرماتے ہیں کہ میری نسل میں سے چوتھے اور کنیزوں کی سردار کے فرزند بی بی نرجس سلام اللہ علیہا کے بارے میں اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ وہ کنیز تھیں آیا امام ع کی والدہ کنیز ہیں۔ یہ کیسے ہوسکتا ہے۔
پہلی تو بات یہ ہے کہ جو بھی خاتون خاندان اہل بیت علیہم السلام میں داخل ہوئی دیگر قبائل سے دیگر ملتوں سے، وہ اپنے آپ کو کنیزِ اہل بیت ع کہتی تھی یعنی اس میں وہ فخر سمجھتی تھی۔ حالانکہ وہ کنیز نہیں ہوتی تھیں وہ تو بڑے بڑے اچھے خاندان کی بلند پایہ خواتین ہوتی تھیں لیکن خاندان اہل بیت علیہم السلام کے مقابل اپنے آپ کو کنیز کہتی تھیں۔اور بی بی نرجس ع جو ہیں وہ کیونکہ روم کی شہزادی تھیں اور اس جنگ کے بعد جو روم اور اسلام میں ہوئی اس جنگ میں رومیوں نے شکست پائی اور بی بی اسیر ہوئیں اور بعنوانِ کنیز جو اس زمانے کا دستور تھا تو بعنوانِ کنیز مملکت اسلامی میں لائی گئیں اور بیچی گئیں تو امام نقی علیہ السّلام نے اپنے ایک خاص شیعہ کے ذریعے ان کو خریدا اور ان کو آزاد کیا اور اپنی بہن حکیمہ خاتون ان کے گھر ان کو رکھا، اور بی بی نے وہاں آداب اسلامی یاد کیے اور تربیت اسلامی پائی اور پھر ان کا امام عسکری علیہ السلام سے عقد ہوا ۔
دوسری بات جو ہے امام رضا علیہ السلام فرماتے ہیں کہ امام مہدی علیہ السلام کی ولادت میں لوگ شک کریں گے جو آج بھی ہم دیکھتے ہیں اہل سنت نہیں مانتے ۔ بعض شیعہ بھی پروپیگنڈوں کا شکار ہوکر شک کرتے ہیں ۔فرماتے ہیں کہ وہ اپنے قیام سے پہلے غیبت اختیار کریں گے اور آج وہی غیبت کا زمانہ ہے۔ یعنی غیبت حتمی تھی اسے امام رضا علیہ السلام بیان فرما رہے ہیں ۔ اور جب وہ ظہور کریں گے تو زمین ان کے نور سے چمکے گی زمین پر چونکہ عدالت پرپا ہوگی نیکیوں کا زمانہ آئے گا، گناہوں کی ظلمت گمراہیوں کی تاریکی ختم ہو جائے گی ۔

امام تقی علیہ السلام کی روایت
امام تقی علیہ سلام فرماتے ہیں اَلقَائِمُ الَّذِي يُطَهِّرُ اللهِ عَزَّ وَ جَلَّ بِهِ الأَرضَ مِن أهلِ الْكُفْرِ وَالجُحُودِ وَيَملَأُهَا عَدلاً وَ قِسطاً هُوَ الَّذِي يَخْفَى عَلَى النَّاسِ وِلادَتُهُ وَيَغَيبُ عَنهُم شَخصُهُ

ترجمہ:وہ قائم جس کے ذریعے اللّٰہ نے زمین کو اہل کفر اور منکرین خدا سے پاک کرنا ہے اور اسے عدل و انصاف سے بھرنا ہے۔یہ وہ ہستی ہیں کہ جنکی ولادت لوگوں پر مخفی ہوگی۔ اور ان کا جسم اور وجود جو ہے وہ لوگوں کی نگاہوں سے غائب ہوگا۔
اس کے بعد فرماتے ہیں کہ ان کے جو اصحاب ہیں یعنی ان کے انصار وہ اصحابِ بدر کی طرح 313 ہیں۔جو زمین کے دور دراز جگہوں سے مولا ع کے گرد جمع ہونگے اور یہ اللّٰہ کا وہی قرآن مجید میں فرمان ہے جس میں پرودگار فرماتا ہے کہ ترجمہ:”(تم جہان کہیں بھی ہوں خدا تم سب کو جمع کرے گا اللّٰہ ہر چیز پر قادر ہے)”۔
یہاں بھی امام جواد علیہ السلام نے مولا ع کی مخفی ولادت کی طرف اشارہ کیا ان کی غیبت کی طرف اشارہ کیا۔۔۔ اور اس طرح کی غیبت کہ وہ ہمیں نظر نہیں آئیں گے اور ساتھ 313 ان کے ناصروں کی طرف اشارہ کیا اور اللّہ کی قدرت کہ کس طرح چند لحظوں میں پرودگار ناصروں کو زمین میں جہاں بھی ہونگے وہ امام مہدی علیہ السلام کے گرد اکٹھا کردیں گے ۔

امام نقی علیہ السّلام کی روایت
امام علی نقی علیہ السّلام فرماتے ہیں *اَلْخَلَفُ مِن بَعدِي ابنِى الحَسَنُ، فَكَيفَ لَكُم بِالخَلَفِ مِن بَعدِ الخَلَفِ؟ ” فَقُلتُ: وَلِمَ جَعَلَنِي اللّٰهُ فِدَاكَ ؟فَقال: إنَّكُمْ لَا تَرَونَ شَخصَهُ، قُلتُ: فَكَيفَ نَذكُرُهُ؟ فَقَال: ” قُولُوا الحُجَّةُ مِن آل مُحَمَّدٍ عَلَيهِ السَّلاَم*
ترجمہ: میرا جانشین میرے بعد میرا بیٹا حسن ع ہے۔ اور تم لوگ میرے جانشین کے بعد جو میرا جانشین ہے اس کے ساتھ کیا کروگے؟ راوی نے پوچھا آپ پر قربان ہوجاؤں کیا ہوگا؟فرمایا اس لیے کہ تم اس کو نہیں دیکھ پاؤگے یعنی میرے جانشین کے جانشین کو ۔۔۔۔ تو پھر راوی نے پوچھا کہ کیسے ان کو یاد کریں گے؟ فرمایا اس طرح حجت آل محمد ع یعنی اس نام اور لقب کے ساتھ انہیں یاد کرو۔

یہاں امام ہادی علیہ السلام نے اپنے جانشین اور اپنے جانشین کے بعد جانشین کی خبر دی اور ساتھ فرما دیا کہ تم انہیں نہیں دیکھ پاؤگے.یعنی وہ غائب ہونگے غیبت کی خبر دی اور غیبت میں کسں طرح مولا ع کو یاد کرنا ہے وہ حجت آل محمد ع کے لقب کے ساتھ یاد کرنا ہے ۔

امام عسکری علیہ السلام کی روایت
امام عسکری علیہ السلام فرماتے ہیں امام زمانہ ع کے بارے میں *اِبنٌي مُحَمَّدُ هُوَ الإِمَامُ وَالحُجَّةُ بَعدِي، مَن مَاتَ وَلَمْ يَعرِفَهُ، مَاتَ مِيتَةً جَاهِلِيَّةً أمَا إنَّ لَهُ غَيبَةً يَحَارُ فِيهَا الجَاهِلُونَ ، وَيَهلِكُ فِيهَا المُبطٌلُونَ ، وَيَكذِبُ فِيهَا الوَقَاتُون*
ترجمہ:میرا بیٹا محمد وہ امام ہے اور میرے بعد حجت ہے اگر کوئی مر جائے اور ان کی معرفت نہ رکھے وہ جاہلیت کی موت مرے گا
پھر فرماتے ہیں کہ ۔۔۔۔
آگاہ ہو جائیں کہ ان کے لیے ایک غیبت ہے کہ جس میں نادان جاہلین جو ہیں وہ سرگرداں ہوجائیں گے، یعنی ایسے چلے پھریں گے کہ انہیں کوئی راہ نظر نہیں آئےگی اور اہل باطل ہلاک ہوجائیں گے اور جو ان کے ظہور کے لیے وقت معین کرتے ہیں وہ جھوٹے ہیں۔
اب اس حدیث میں امام عسکری علیہ السلام نے اپنے بعد اپنے بیٹے کا نام لیا کہ میرا بیٹا محمد ع جو ہے وہ امام اور حجت ہے اور یہ وہ ہستی ہیں کہ اگر کوئی ان کی معرفت نہ رکھے گا وہ جاہلیت کی موت مرے گا ۔پھر غیبت کو بیان کیا اور یہ غیبت ایسی ہے کہ جس میں نادان لوگ جو ہیں یعنی جو معرفت پیدا نہیں کریں گے امام ع کی۔وہ سرگرداں ہونگے کبھی اس راہ کبھی اس راہ انہیں اپنی منزل اور ہدف نظر نہیں آئے گا۔ اور جو انکار کریں گے مولاع کا جیسے آج ہم دیکھتے بھی ہیں۔یہ سارے ہلاک ہوجائیں گے یہ جہنم کی خوارک ہیں اور اگر کوئی ان کے ظہور کا وقت معین کرنے کی کوشش کرے گا۔ جیسے آج ہم بعض خطیب اور ذاکرین کو بھی دیکھتے ہیں فرماتے ہیں یہ سب جھوٹے ہیں تو اس سے پتہ چلتا ہے مولاع کے ظہور کا وقت معین نہیں کرنا چاہیئے ۔۔۔۔
تو یہاں تک ہم نے گیارہ معصومین علیہم السلام سے اور سرکار رسالت مآب ﷺ سے مولا امام زمان عجل اللہ فرجہ الشریف کی غیبت اور اس میں جو اہم نکات ہیں اس کو روایات کی شکل میں بیان کیا ان شاءاللہ یہ سلسلہ گفتگو آگے بڑھے گا۔۔۔۔۔

اللّٰہ کی بارگاہ میں دعا ہے کہ پروردگار ہم سب کو مولا ع کے سچے ناصروں میں سے قرار دے اور زمانہ غیبت میں اہل معرفت میں سے قرار دے ۔

التماس دعا
ترتیب و پیشکش:نازیہ بنگش

دیدگاهتان را بنویسید