آخری پوسٹیں
درس امامت 4_ فلسفہ وجوب عصمت اہل سنت کے نظریہ کی رد
جھوٹے انحرافی فرقوں اور فتنوں کا مقابلہ_گوھر شاہی سے آشنائی- درس10
جھوٹے انحرافی فرقوں اور فتنوں کا مقابلہ_درس 8_ موضوع درس: قادیانیت سے آشنائی
دروس لقاءاللہ_ اللہ کے خالص بندوں کے مقامات
کتابچہ 14_موضوع : جھوٹے انحرافی فرقوں اور فتنوں کا مقابلہ
کتابچہ 14 _ موضوع : جھوٹے انحرافی فرقوں اور فتنوں کا مقابلہ
کتابچه 11

گیارھواں کتابچہ ” عصر ظہور” – آٹھواں درس – شیعہ اثنا عشری رو سے عصر ظہور

گیارھواں کتابچہ ” عصر ظہور”
 آٹھواں درس
 شیعہ اثنا عشری رو سے عصر ظہور
 نکتہ: امام مہدی عج کی حکومت کے مختلف نام و خصوصیات

استاد مہدویت علامہ علی اصغر سیفی صاحب

خلاصہ:
ہماری گفتگو عصر ظہور میں جاری ہے۔ شیعہ اثناء عشریہ کی رو سے جو ہماری نگاہ ہے اس حوالے سے کچھ موضوعات ذکر ہوئے۔

آج اس حوالے سے گفتگو ہوگی کہ رسولؐ خدا اور آئمہؑ نے اس عظیم عالمگیر حکومت کو کیا نام دیا ہے۔ کیونکہ ان ناموں سے اس عظیم الہیٰ حکومت کی خصوصیات ظاہر ہونگی۔

۔۔ دولہ کریمہ:
مثلاً ہم دیکھتے ہیں کہ دعائے افتتاح کے اندر اس حکومت کو ” دولت کریمہ” کا نام دیا گیا ہے۔

دعائے افتتاح امام زماں عج کے دوسرے نائب خاص محمد بن عثمان سے نقل ہوئی ہے۔ اور یہ دعا ماہ رمضان کی راتوں میں کثرت سے پڑھی جاتی ہے۔

اس دعا کے اندربہت ساری چیزیں ہیں۔ اس دعا کے اندر خدا شناسی ہے اور دعا کرنے کی حکمت بھی ہے۔ اور امام زماں عج کی حکومت اور جو اہداف اور مقاصد ہیں ان سب کی جانب اشارہ ہے۔

ظاہرً یہی لگتا ہے کہ یہ دعا امام زماں عج سے نقل ہوئی ہے اور دنیائے تشیع کو یہ دعا امام زماں عج کی جانب سے ایک تحفہ ہے۔ پروردگار ہمیں پڑھنے کی توفیق دے۔

اس دعا میں جہاں امام زماں عج کی حکومت کا ذکر ہے وہاں ہم اس دعا میں مولاؑ کی حکومت کا نام اس طرح دیکھتے ہیں کہ:

الھم انا نرغب الیک فی دولہ کریمۃ تعزبھا الاسلام واھلہ وتذل بھا النفاق و اھلہ
اے معبود! ہم ایسی حکومتِ کریمہ کے سلسلے میں تیری جانب مشتاق ہیں جس کے ذریعے تو اسلام اور اہل اسلام کو عزت دے اور نفاق اور اہل نفاق کو ذلت سے دوچار کر دے۔

اس دعا کے اندر اس حکومت کو ایک خوبصورت نام ملا ہے یعنی حکومت کریمہ جس میں انسانی عظمتیں اور کمالات ظاہر ہونگے اور اس سے ان لوگوں کی نفی ہوتی ہے کہ جو مولاؑ کی حکومت کو اس عنوان سے پیش کرتے ہیں کہ اس کے اندر بے رحمی ہے۔ ایسا ہرگز نہیں بلکہ یہ حکومت بہترین انسانی خصائل اور کمالات کا اظہار ہے۔

اسی طرح ہم پیغمبرؐ اسلام کے فرامین میں اس حکومت کو سب سے بہترین حکومت کا نام ملتا ہے۔

پیغمبرؐ اسلام نے امیرالمومنینؑ سے فرمایا۔
مہدیؑ عج کی حکومت سب سے بہترین حکومت ہے۔

امام صادقؑ نے فرمایا:
مہدیؑ عج کی حکومت آخری حکومت ہے اور سب سے بہترین حکومت ہے۔

۔۔ دولہ القائم
امام صادقؑ نے فرمایا
قائمؑ کی حکومت کے بعد کسی اور کے لیے خدا کی طرف سے حکومت مقدر نہیں ہوئی۔

اور ایک اور جگہ پر مولاؑ فرماتے ہیں کہ:
ہمارے شیعہ حکومت قائمؑ میں مقامات بلند کے حامل اور زمین کے حاکم ہیں۔

اب ہم یہاں دیکھتے ہیں کہ اس حکومت کا ایک نام حکومت قائمؑ ہیں۔

۔۔ دولہ حق
اسی طرح ایک طولانی حدیث جس میں اس حکومت کو دولہ حق کہا گیا ہے۔ یہ طولانی حدیث اصول کافی اور شیخ صدوقؒ نے کمال الدین میں بھی نقل ہوئی اور اس سے پہلے والی احادیث بھی احادیث کی کتابوں اور بحار الانوار میں نقل ہے۔

معصومؑ فرماتے ہیں۔
تم اس حال میں کہ اہل ایمان ہو نماز، روزہ، حج قائم کر رہے ہو ۔ کارخیر انجام دے رہے ہو ، فقہی احکام انجام دے رہے ہو۔ اللہ کی عبادات کررہے ہو اپنے دشمن سے خوف و ہراس میں ہو اور تمہارا امامؑ غائب ہے اور اس کے باوجود تم اس کے فرامین پر عمل کر رہے ہو اور جس طرح تمہارا امام صبر کر رہا ہے تم بھی صبر کر رہے ہو اور دولت حق کے ظہور کا انتظار کر رہے ہو۔

امام محمد باقرؑ نے قرآن مجید کی آیت
و جعل الحق و ذھق الباطل کے ضمن میں فرماتے ہیں کہ:
جب قائم قیام کریں گے یعنی جب دولت حق قائم ہوگی باطل حکومتیں نابود ہو جائیں گی

۔۔ خلافت اور امامت:
اسی طرح ہم دیکھتے ہیں کہ پانچواں لقب خلافت و امامت سے تعبیر ہوا۔ اس حوالے سے بحار الانوار میں روایات موجود ہیں۔

امام صادقؑ فرماتے ہیں کہ:
مہدیؑ کی خلافت میں زمین اور آسمان کے رہنے والے ان سے راضی ہوں گے

ایک اور مقام پر امامؑ فرماتے ہیں:
قسم ہے اس پروردگار کہ کہ جو قائم کے قیام کے وقت ان کی امامت کوکامل کرے گا۔
یہاں ہم دیکھتے ہیں کہ امام زماںؑ کی حکومت کو امامت سے بھی تعبیر کیا گیا۔

امام محمد باقرؑ فرماتے ہیں کہ:
اللہ تعالی مہدیؑ کو زمین پر خلیفہ قرار دے گا

۔۔ دولہ احمدی
امیرالمومنینؑ کے فرامین میں اس حکومت کو دولہ احمدی قرار دیا گیا۔ چونکہ پیغمبرؐ کے نام محمدؐ اور احمدؐ ہیں اس لیے اسے دولہ احمدی بھی قرار دیا گیا ہے۔

امیرالمومنینؑ فرماتے ہیں کہ:
پیغمبرؐ کے پرچم کو لئے ہوے احمدی حکومت کا حامل ظہور کرے گا۔

۔۔ دنیا کا مالک و حاکم
اسی طرح ہم دیکھتے ہیں کہ جہان کا مالک و حاکم کا عنوان بھی ملا ہے۔
پیغمبرؐ اسلام فرماتے ہیں۔

میرے اہل بیتؑ میں سے ایک شخص دنیا کا مالک اور حاکم ہوگا
فرماتے ہیں:
زمین پروردگار کے نور سے منور ہوجاے گی اور اس کے سلطنت دنیا کے شرق و غرب تک پھیل جاے گی اسی طرح امیرالمومنینؑ فرماتے ہیں:
ہماری حکومت سلیمانؑ نبی کی حکومت سے بڑی اور ہماری بادشاہی سلیمان کی بادشاہی سے وسیع ہوگی

اس سے ہم عنوان لیں گے کہ یہ دنیا کی عالمگیر حکومت ہوگی۔

۔۔ دولہ عدل
یہ سب سے بڑا اور آٹھواں عنوان ہے یعنی دولہ عدل۔

پیغمبرؐ اسلام فرماتے ہیں :
مہدیؑ مجھ سے ہے اور زمین کو عدل و انصاف سے بھرے گا

امام صادقؑ فرماتے ہیں کہ
جب قائم قیام کریں گے تو حکومت عدل بپا کریں کریں گے اور ان کے زمانہ میں ظلم و ستم بلکل ہی ختم ہوجائے گا۔

ہماری احادیث اور روایات اس الہیٰ حکومت کو مختلف عناوین سے یاد کرتی ہیں اور اس سے اس کی خصوصیات بیان ہوتی ہیں اور اس سےاس حکومت کے عظیم مقاصد اور مولاؑ کے اس حکومت کے اندر بڑے بڑے اقدامات بیان ہوتے ہیں۔

پس ان روایات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ حکومت کہ جس کو مختلف نام دیے گئے ہیں۔

یہ حکومت ہر صورت میں بپا ہوگی۔

یہ حکومت وسیع جہت سے اقدامات کرے گی اور
لوگوں کو تمام فوائد پہنچیں گے جو اس حکومت کی خصوصیات کو بیان کریں گے۔

  • اس حکومت میں لوگوں کو وسیع پیمانے پر عدل ملے گا۔
  • دین اسلام اور توحید کی ترویج ہوگی۔
  • ظلم و ستم کا مقابلہ ہوگا۔
  • حکومت الہیٰ میں امام مہدیؑ عج کے زیر سایہ کسی قسم کا ظلم و ستم نہیں ہوگا۔
  • اس حکومت کا پایہ تخت کوفہ قرار پائے گا۔
  • یہ حکومت تمام مظلومین کی سرپرستی کرے گی اور ان کے تمام حقوق دلائے گی۔
  • یہ حکومت لوگوں کی تربیت کرے گی اور انہیں تمام انسانی کمالات تک پہنچائے گی۔ اور لوگ ہر لحاظ یعنی مادی، معنوی، روحانی ترقی کریں گے۔ اور لوگوں کے فکر، عقل اور اخلاق بلند ہونگے۔
  • یہ وہ حکومت ہوگی جس پر زمین و آسمان والے راضی ہونگے۔

جاری ہے۔۔

دعا ہے کہ پروردگار عالم ہمیں اس الہی حکومت کو دیکھنے کی توفیق دے اور ہم ان لوگوں میں سے قرار پائیں جو مولاؑ عج کے ناصرین و مددگار بنیں۔ انشاءاللہ۔
آمین۔

والسلام

عالمی مرکز مہدویت قم۔

دیدگاهتان را بنویسید