پانچواں درس: قرآن کریم تمہیدی گفتگو :عربی زبان کی اہمیت ، قرآنی آیات کی الفاظ و معانی کے اعتبار سے عظمت ، کفار و مشرکین کا اعتراف ۔۔۔۔
استاد محترم علامہ علی اصغر سیفی صاحب
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
قرآن معجزہ الہیٰ ہے
موضوع سخن قرآن مجید کی تفسیر سے پہلے کچھ اہم نکات۔ ہم اپنے سلسلہ گفتگو میں یہاں پہنچے ہیں کہ نبیؐ اسلام بظاہر کسی یونیورسٹی، کسی استاد، کسی عالم اور دنیا کے کسی بھی علمی مرکز سے انہوں نے استفادہ نہیں کیا بلکہ براہ راست خداوند متعال سے سب کچھ لیا ہے۔ لہذا یہی وجہ ہے کہ قرآن مجید کے بارے میں یہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ چونکہ نبیؐ اسلامﷺ ایک عالم ہستی ہیں اور انہوں نے فلاں فلاں ادارے سے پڑھا ہوا ہے لہذا یہ قرآن انہوں نے خود ہی بنایا ہے۔ تو اس اعتبار سے قرآن مجید میں آپؐﷺ کو اُمی کہا گیا ہے کہ بظاہر آپؐﷺ نے دنیا کے کسی بھی استاد سے نہیں پڑھا ہوا ہے لیکن! اس کے باوجود اتنا عظیم الشان کلام کہ جس کی کوئی نظیر نہیں ۔ یہ کیسے رسولؐ اللہﷺ کی لسان مبارک پر جاری ہوا۔ یہ کلام الہیٰ کا جاری ہونا خود ایک معجزہ ہے۔ یہ معجزہ بتاتا ہے کہ اس ہستی کا براہ راست تعلق اس کائنات کے خالق سے ہے اور یہ کلام اس خالق کائنات کا ہے۔
عربی زبان کی اہمیت:
عربی زبان ایک خاص زبان ہے۔ اور عربوں کو اپنی زبان پر اتنا فخر تھا کہ وہ اپنے آپ کو تو عرب کہتے تھے لیکن! دوسروں کو عجم کہتے تھے۔ یعنی! اپنے آپ کو عرب کہنے کا مطلب یہ تھا کہ یہ عربی زبان فقط انہیں بولنی آتی ہے اور اس زبان کے الفاظ کے معنیٰ اور مفہوم اور اپنے بیان کو آگے دوسروں تک منتقل کرنا صرف انہیں آتا ہے۔ وہ ہیں عرب
عرب یعنی!: زبان والے ۔ اور دوسرے ہیں عجم : یعنی! جو کچھ بھی نہیں بول سکتے جو مثلِ حیوان ہیں۔ جو کچھ بھی بیان نہیں کر سکتے۔ اور جن کی گفتگو میں ابہام اور پیچیدگی ہے۔ یعنی! وہ دوسروں کو عجم کہتے تھے کہ وہ بولنے پر قادر نہیں اور ہم عرب ہیں یعنی! ہم صرف بولتے ہیں۔ اور عربوں کے اندر کلام ، کلمہ، اشعار، مضامین، سخن، نثر، شعر بہت زیادہ اہمیت رکھتی تھی۔ اور یہ عرب کلام و اشعار کے عاشق تھے۔ اور ان کے اندر شعراء اور خطیب حضرات کا بہت زیادہ احترام تھا۔ یہ شعر اتنی طاقت رکھتا تھا کہ ایک عزت دار قبیلے کو پست کر سکتا تھا اور ایک پست اور ذلیل قبیلہ ایک شعر سے عزت اور عظمت پا سکتا تھا۔ اور یہی لوگ جو اتنا کلام اور اشعار پر کام کرتے تھے۔ جب قرآن مجید ان کے سامنے لسانِ رسولؐ اللہﷺ سے آیا تو جو انہیں قرآن مجید سے لذت سے حاصل ہوئی وہ انہیں عرب کے کسی کلام سے حاصل نہیں ہوئی۔ قرآنی آیات کی الفاظ و معانی کے اعتبار سے عظمت: اگرچہ وہ خود کلام کے ماہر تھے۔ اور ان کے کلام کلمات اٹھائیس حروف سے تشبیہ شدہ ہیں اور وہ ان حروف کو آپس میں اس طرح ترکیب کرتے تھے اور اسقدر خوبصورت کلام بناتے تھے۔ لیکن! جب انہوں نے اسی عربی زبان میں کلام مجید کو سنا اور پھر اس کے مفاہیم اور اس کی جملہ بندی کو اور اس کی خوبصورت ترتیب اور اس کے اندر ایک خاص جو کلامی موسیقی اور کلامی ہم آہنگ جو پیدا ہوتا ہے تو جب انہوں نے اس کو سنا تو پھر وہ کلام کے عاشق ہوگئے۔ یعنی! پیغمبرؐاسلام!ﷺ کی تبلیغ میں تلاوت قرآن اور جو قرآن بیان ہوتا تھا۔ اس نے زیادہ متاثر کیا اور وہ لوگ اسلام کی جانب مائل ہوئے۔ کہا: یہ کلام کسی بشر کا کلام نہیں۔ یہ ہمارے خالق کا کلام ہے کیونکہ اس سے بڑھ کر کوئی کلام نہیں ۔
تمام عرب کے ادیب اور شاعر اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ الفاط کے چناؤ، معنی اور ہدف کے اعتبار سے قرآن سے بڑھ کر عرب کی کلام میں کوئی کلام نہیں تھا ۔ جب بھی تلاوت قرآن ہوتی تھی تو ان کی عقلیں روشن اور قلوب نورانی ہو جاتے تھے۔ اور ان کے اندر کی صحیح انسانی اور الہیٰ فطرت بیدار ہو جاتی تھی۔ اور وہ تربیت ، تزکیہ اور اخلاق کی طرف مائل ہوتے تھے۔ قرآن انہیں صاف ستھرے فطری اور الہیٰ عقائد کی طرف لاتا تھا اور اعمال صالح کی جانب دعوت دیتا تھا۔ یعنی! انہیں نیک کام کرنے کا حکم دیتا تھا اور برائیوں اور بدیوں سے روکتا تھا۔ اور پاکیزہ اور حلال زندگی یعنی! جس میں کسی بھی قسم کی نجاست اور حرام نہیں ہے قرآن انہیں اس پاکیزہ زندگی کی طرف لاتا تھا۔ اور ان کی عقلوں اور ذہنوں پر جو وہم اور خرافات تھے اور جو غلط رسوم اور عادات تھیں انہیں ان کی عقلوں سے دور کرتا تھا۔ اسی طرح تعصب اور جہالت اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تکبر ، اور دنیا پرستی اور مال جمع کرنے کی حرص کو قرآن ان کی طبیعتوں اور دلوں سے دور کرتا تھا۔
قرآن کلام انقلاب ہے
: اسی لیے ہم دیکھتے ہیں کہ عرب کے قبائل بہت جلد اس دینِ جدید کی جانب اور کلام قرآن کی جانب مائل ہوئے کیونکہ یہ کلامِ انقلاب تھا۔ اور جب وہ قرآن کو سنتے تھے تو وہ آفرین کہتے تھے اور ان کی اپنی گفتگو اور تمام کام بند ہو جاتے تھے اور وہ مجذوب ہو جاتے تھے۔ یعنی! کلام پیغمبرؐ اسلامﷺ میں محو ہو جاتے تھے اور اس وقت وہ اپنی تمام گفتگو کو قطع کر دیتے تھے اور فقط کلام الہیٰ کو سنتے تھے۔
کفار و مشرکین کا اعتراف :
تاریخی واقعہ : اسلام کے سب سے بڑے تین دشمن ولید بن مغیرہ، اخنس بن شریق اور عمرو بن ہشام (ابوجہل ) ہیں لیکن! وہ خود فصاحت و بلاغت میں اپنی مثال آپ تھے۔ یہ وہ بڑے دشمنانِ اسلام تھے جنہوں نے دعوتِ اسلامی کی شدید مخالفت کی تھی۔ ان تینوں کے حوالے سے تاریخِ اسلام اور سیرتِ نبوی میں ایک انتہائی مشہور اور دلچسپ واقعہ ملتا ہے، جب یہ تینوں چوری چھپے رسول اللہ ﷺ سے قرآن سننے جایا کرتے تھے۔ پہلی رات ایک رات ابوجہل، اخنس بن شریق اور ولید بن مغیرہ الگ الگ (ایک دوسرے سے چھپ کر) رات کے اندھیرے میں نبی کریم ﷺ کے گھر کے باہر آ کر بیٹھ گئے اور رات بھر رسول اللہ ﷺ کی زبانِ مبارک سے قرآن سنتے رہے۔ اور دیواروں کے ساتھ لگ کر سنتے رہے۔ ویسے تو یہ دشمن تھے اور اذیت کرتے تھے۔ لیکن یہ اسلام کی مخالفت کے باوجود خود کو روک نہیں پاتے تھے۔ لیکن ! صبح صادق کے وقت جب وہ واپس لوٹنے لگے تو راستے میں تینوں کا ایک دوسرے سے آمنا سامنا ہو گیا۔ وہ شرمندہ ہوئے اور انہوں نے ایک دوسرے سے وعدہ کیا: "اب دوبارہ یہاں مت آنا، کیونکہ اگر قریش کے نوجوانوں نے ہمیں دیکھ لیا تو ان کے دلوں میں محمد (ﷺ) کے لیے نرمی پیدا ہو جائے گی اور ہمارا رعب ختم ہو جائے گا۔ بعد والی راتوں میں بھی کلام الہیٰ کو سننے کے لیے دوبارہ آنا : اگلے دن وہ پھر خود پر قابو نہ رکھ سکے اور چوری چھپے قرآن سننے پہنچ گئے۔ اور پیغمبرؐﷺ کے گھرکی دیواروں کے ساتھ لگ کر کھڑے ہو جاتے تھے اور لسان پیغمبرؐﷺ اسلام سے جاری ہونے والی قرآن کی تلاوت کو ساری رات سنتے تھے۔ تاثیر کلامِ الہٰی : یہاں اس واقعہ کو بتانے کا مقصد یہ ہے کہ خود کلام الہیٰ میں کتنی طاقت اور عظمت ہے کہ بدترین دشمن بھی اس کو سننے پر مجبور ہو جاتے تھے۔ اسی لیے تو کہا جاتا ہے کہ اسلام کا سب سے بڑا معجزہ قرآن ہے کہ جس نے عربوں کے اندر انقلاب بپا کیا۔
واقعہ2 : ایک اور مشہور خلیفہ دوم کا ہے کہ جو تلوار اٹھائے نبیؐ کریمﷺ کو شہید کریں لیکن! جب پتہ چلا کہ ان کی اپنی بہن ہی اسلام قبول کر چکی ہے تو اپنی بہن کے گھر میں جا کر اسے مارا لیکن! جب لکھے ہوئے قرآن پر نظر پڑی تو جب ان آیات کو دیکھا تو ان کی خود کی حالت بھی تبدیل ہو گئی اور پھر وہ رسولؐ اللہﷺ کی خدمت آتے ہیں اور اسلام قبول کرتے ہیں۔
نتیجہ : ان واقعات سے ہم یہ نتیجہ لیتے ہیں کہ خود قرآن پاک میں کتنی طاقت تھی کہ جس نے کلام کے شیدائی عربوں کو اپنی طرف کھینچا۔ کہتے ہیں کہ جب نبیؐ اسلامﷺ لوگوں کے مجعہ میں تلاوتِ قرآن فرماتے تھے تو مشرقین قریشِ مکہ یہ سمجھتے تھے کہ قرآن کے اندر ایک عظیم طاقت ہے اور یہ کلام سب کو کھینچ لے گی اور اسلام کی جانب مائل کر رہی ہے۔ تو پھر وہ شور و غل کرتے تھے اور کوشش کرتے تھے کہ لوگ اس کلام کو نہ سنیں۔ سورہ فصلت میں پروردگار عالم ان کی باتوں کو نقل فرما رہا ہے۔
سورہ فصلت آیت نمبر 26 وَقَالَ الَّـذِيْنَ كَفَرُوْا لَا تَسْـمَعُوْا لِـهٰذَا الْقُرْاٰنِ وَالْغَوْا فِيْهِ لَعَلَّكُمْ تَغْلِبُوْنَ
(26) اور کافروں نے کہا کہ تم اس قرآن کو نہ سنو اور اس میں غل مچاؤ تاکہ تم غالب ہو جاؤ۔
یعنی! وہ اس لیے احمق لوگوں کی طرح شور و غل بپا کرتے تھے تاکہ قرآن لوگوں کے کانوں تک نہ پہنچے بلکہ ان کے اپنے کانوں تک بھی نہ پہنچے۔ یہاں مسئلہ یہ نہیں تھا کہ دوسرے لوگ کلام الہیٰ کو نہ سن سکیں بلکہ وہ خود بھی اس عظیم کلام کو نہ سنیں۔ یعنی! یہ صرف اتنا نہیں چاہتے تھے کہ دوسرے لوگ مسلمان نہ ہوں بلکہ ان کے اپنے دلوں میں بھی انقلاب بپا ہو جاتا تھا۔ اور ان کے اپنے اندر کی دنیا بھی تبدیل ہو جاتی تھی اور یہ خود بھی قرآن کی جانب کھینچے چلے جاتے تھے۔
خلاصہ :
اس تمام گفتگو کا مقصد یہ ہے کہ ایک عظیم الہیٰ کتاب کہ جس کی کوئی نظیر ہی نہیں اور اس سے پہلے کوئی کتاب بھی اپنے کلام کی طاقت میں ایسی نہیں تھی۔ (تورات، زبور، انجیل)۔ یہ قرآن مجید اللہ کا ایک عظیم ترین ہدیہ ہے کہ اگر اسی کو انسان سنے اور اس کی تلاوت کرے تو یہ قرآن مجید انسان کے وجود میں الہیٰ انقلاب بپا کر دیتا ہے۔ اور انسان کو نیکیوں ، ہدایت اور خدا کی جانب لے جاتا ہے۔ پروردگار عالم ہمیں توفیق دے کہ ہم زیادہ سے زیادہ قرآن مجید کی تلاوت کریں اور اس کے معنی میں غور و فکر کریں اور خود کو قرآن کے سپرد کریں اور قرآن کو اپنا معلم قرار دیں۔