معرفتِ امام اور اتحادِ مؤمنین ظہورِ امام مہدیؑ کی اہم ضرورتیں ہیں
علامہ آغا علی اصغر سیفی صاحب کا حرم حضرت معصومہؑ میں خطاب؛ معرفتِ قلبی و عملی، محبتِ مؤمنین اور باہمی ہم آہنگی پر زور۔
قم المقدسہ، 20 اکتوبر 2026، حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے شبستان ابو طالب میں سلسلہ وار ہفتہ وار درسِ مہدویت کے دوران استادِ مہدویت علامہ آغا علی اصغر سیفی صاحب نے زیارتِ عاشورا کے ایک اہم فراز کی تشریح کرتے ہوئے معصومین علیہم السلام کی معرفت، ان کے محبین کی معرفت، مؤمنین کے باہمی حقوق اور اتحاد و ہم دلی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
علامہ صاحب نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ امامِ وقت کی معرفت صرف علمی اور فکری معلومات تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس کے ساتھ قلبی معرفت اور عملی وفاداری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر معرفت محض علمی معلومات کا نام ہوتی تو امیر شام کو بھی امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے بارے میں بہت سی معلومات حاصل تھیں، لیکن ایسی معلومات حقیقی معرفت اور ولایت کی وفاداری کے لیے کافی نہیں۔
علامہ صاحب نے امام محمد باقر علیہ السلام کے ایک فرمان کی روشنی میں بیان کیا کہ جو شخص اپنے زمانے کے امام کی حقیقی معرفت رکھتا ہے، گویا وہ امام کے خیمے میں زندگی گزار رہا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے ائمہ اہل بیت علیہم السلام کے باوفا اور بامعرفت اصحاب کی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی معرفت انسان کے کردار، عمل اور امام کے ساتھ وفاداری میں ظاہر ہوتی ہے۔
امام سے وفاداری؛ معرفت کی عملی علامت
آغا سیفی نے اپنے خطاب میں تہران کے معروف عارف و عالم آیت اللہ شیخ حسن علی (رہ) سے منسوب ایک واقعہ بھی بیان کیا۔ ان کے مطابق، ایک شدید بیمار شخص کے پاس پہنچ کر انہوں نے کہا کہ یہ میرے چائے پینے تک صحت یاب ہوجائے گا، چنانچہ وہ شخص صحت یاب ہوگیا، حالانکہ اس کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی۔
جب لوگوں نے اس واقعے کی وجہ دریافت کی تو شیخ حسن علی نے، نقل کردہ واقعے کے مطابق، اپنی امام سے وفاداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب سے انہوں نے لباسِ روحانیت پہنا ہے، کبھی اپنے امام سے بے وفائی نہیں کی؛ اس لیے انہیں امید ہے کہ ان کے امام ان کے منہ سے نکلے ہوئے کلام کی لاج رکھیں گے۔
آغا سیفی نے اس واقعے سے یہ نکتہ اخذ کیا کہ حقیقی معرفتِ امام انسان کے اندر وفاداری، اخلاص اور اپنے مولا سے مضبوط تعلق پیدا کرتی ہے۔
تولّی و تبرّی کا حقیقی مفہوم: محبتِ اہل بیتؑ کے ساتھ مؤمنین کے حقوق کی ادائیگی
خطاب کے دوسرے اہم حصے میں علامہ صاحب نے ائمہ علیہم السلام کے محبین کی معرفت اور تولّی و تبرّی کے حقیقی مفہوم کو بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تولّی و تبرّی کو صرف زبانی محبت یا مخالفین سے اظہارِ براءت تک محدود نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اس کا ایک اہم عملی تقاضا محمد و آلِ محمد علیہم السلام کے چاہنے والوں سے محبت، ان کے احترام اور ان کے حقوق کی ادائیگی بھی ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے علی بن یقطین کے واقعے کی طرف اشارہ کیا، جنہیں امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی خصوصی توجہ حاصل تھی۔ بیان کردہ واقعے کے مطابق، ایک مؤمن کے حق میں ان سے ہونے والی کوتاہی امامؑ کی ناراضگی کا سبب بنی تو علی بن یقطین نے اپنے مولا کی رضا حاصل کرنے کے لیے اس مؤمن کے گھر جاکر اس سے معافی طلب کی۔
آغا سیفی نے کہا کہ یہ واقعہ ہمیں سکھاتا ہے کہ اہل بیت علیہم السلام کی حقیقی پیروی صرف عبادات اور ظاہری وابستگی کا نام نہیں، بلکہ مؤمنین کے ساتھ ہمدردی، ان کے احترام اور ان کے حقوق کی ادائیگی بھی اس کا بنیادی حصہ ہے۔
باہمی اختلافات؛ ظہورِ امامؑ کی راہ میں ایک اہم رکاوٹ
علامہ صاحب نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی غیبت اور ظہور کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے مؤمنین کے باہمی اتحاد کو خصوصی اہمیت دی۔ انہوں نے امام زمانہؑ کی توقیعِ شریف سے استناد کرتے ہوئے اس مفہوم کی وضاحت کی کہ مؤمنین کے دلوں کا باہمی اتفاق اور وفاداری امامؑ کی رضا اور ظہور کی راہ میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارے معاشرے میں مؤمنین مختلف سیاسی، عبادی اور عزاداری سے متعلق مسائل پر اختلافات کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔ بعض اوقات مختلف تنظیمیں اور گروہ ایک جگہ جمع تو ہوجاتے ہیں، لیکن ان کے دل ایک دوسرے سے متحد نہیں ہوتے۔
آغا سیفی نے کہا کہ حقیقی اتحاد صرف جسموں کے ایک جگہ جمع ہونے کا نام نہیں، بلکہ دلوں کی ہم آہنگی، باہمی احترام، اخلاص اور مشترکہ دینی مقصد کے لیے مل کر کام کرنے کا نام ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مؤمنین کو اپنے اختلافات کو اس انداز سے نہیں بڑھانا چاہیے کہ وہ باہمی بغض، دشمنی اور انتشار کا سبب بن جائیں۔ اس کے بجائے انہیں مشترکہ عقائد، مشترکہ اہداف اور امام زمانہؑ کی نصرت کے لیے ایک دوسرے کے قریب آنا چاہیے۔
اتحادِ مؤمنین؛ عالمی استکبار کے مقابلے میں قوت
خطاب کے اختتام پر علامہ صاحب نے کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں جب مؤمنین نے اتحاد، ہم آہنگی اور مشترکہ جدوجہد کا مظاہرہ کیا تو وہ بڑی طاقتوں اور ظالم قوتوں کے مقابلے میں بھی مؤثر ثابت ہوئے۔ ان کے مطابق، اگر دنیا بھر کے مؤمنین اسی طرح حقیقی اتحاد و یکجہتی اختیار کریں تو وہ عالمی سطح پر ظلم و استبداد کے مقابلے میں بڑی تبدیلی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کے لیے آمادگی صرف انفرادی عبادات تک محدود نہیں، بلکہ اس میں مؤمنین کے درمیان محبت، باہمی اعتماد، حقوق کی ادائیگی اور اجتماعی اتحاد بھی شامل ہیں۔
علامہ آغا علی اصغر سیفی صاحب نے اپنے خطاب میں اس پیغام پر زور دیا کہ معرفتِ امام کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنی زندگی میں وفاداری، اخلاص، محبتِ اہل بیتؑ، خدمتِ مؤمنین اور باہمی اتحاد کو عملی شکل دے۔ یہی صفات معاشرے کو امام زمانہؑ کی نصرت کے لیے تیار کرنے اور ایک عادلانہ عالمی نظام کے قیام کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اللھم عجل لولیک الفرج
عالمی مرکز مہدویت_قم