تازہ ترین پوسٹس

مسلمانوں پر قرآن کریم کے اثرات، علامہ اقبال کے قرآن کی عظمت پر اشعار ، صدر اسلام سے اب تک مسلمانوں کی قرآن سے محبت و عقیدت کا فلسفہ ، قرآن مجید کا باقی آسمانی کتابوں سے فرق

چھٹا درس قرآن کریم

تمہیدی گفتگو

مسلمانوں پر قرآن کریم کے اثرات، علامہ اقبال کے قرآن کی عظمت پر اشعار ، صدر اسلام سے اب تک مسلمانوں کی قرآن سے محبت و عقیدت کا فلسفہ ، قرآن مجید کا باقی آسمانی کتابوں سے فرق ۔۔۔۔

استاد محترم علامہ علی اصغر سیفی صاحب

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

موضوع سخن قرآن مجید کی تفسیر ہے ۔

گذشتہ درس میں بیان ہو چکا ہے کہ قرآن مجید نے کس طرح کفار اور مشرکین کے اندر جو بڑے بڑے صاحب کلام اور صاحبِ فصاحت و بلاغت لوگ تھے ان کو کس طرح متاثر کیا۔

مسلمانوں پر قرآن کریم کے اثرات

: ہمارا آج کا موضوع ہے کہ خود اسلام اور مسلمانوں کے اندر جو ایک عظیم انقلاب بپا ہوا اور وہ لوگ جو قبل از اسلام کفر و شرک میں ڈوبے ہوئے تھے وہ کس طرح دنیا کی عظیم ترین قوم بن گئے۔ اور اس کے اندر ظاہری طور بھی، اخلاقی طور پر بھی اور روحانی طور پر بھی اس کے اندر بہت بڑا کردار قرآن مجید کا ہے۔

علامہ اقبالؒ کے قرآن کی عظمت پر اشعار

اقبالؒ لاہوری ۔۔۔

جاوید نامہ علامہ اقبالؒ کی ایک بہت طولانی غزل ہے جس سے چند اشعار منتخب کئے ہیں۔

علامہ اقبالؒ فرماتے ہیں کہ:

نقش قرآن تا درین عالم نشست

نقشهای کاهن و پاپا شکست

یعنی! قرآن مجید کی حقیقت جب دنیا پر کھلی تو مسیحیوں کے پاپ اور ہندوؤں کے کاہنوں کی وہ تمام سازشیں جو دین اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تھیں وہ سب شکست کھا گئیں۔فاش گویم آنچه در دل مضمر است

این کتابی نیست چیزی دیگر است

میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ یہ چیز میرے دل میں چھپی ہوئی ہے کہ یہ فقط ایک کتاب نہیں ہے بلکہ کوئی اور چیز ہے۔

چون بجان در رفت جان دیگر شود

جان چو دیگر شد جهان دیگر شود

فرماتے ہیں: جب یہ کتاب (قرآن) ہمارے دل میں اترتی ہے تو یہ ہمارے اندر ایک انقلاب پیدا کرتی ہے اور اب یہ دل وہ دل نہیں رہتا اور جب انسان کا دل تبدیل ہوتا ہے تو اس کو پورا جہان تبدیل ہوتا نظر آتا ہے۔

با مسلمان گفت جان بر کف بنه

هر چه از حاجت فزون داری بده

فرماتے ہیں؛ یہ قرآن ہے کہ جس نے یہ کہا ہے اللہ کی راہ میں اپنی جان کو فدا کر اور اگر تیرے پاس مال زیادہ ہے تو وہ لوگوں کو دے ۔

یعنی ! یہ عظیم ترین احکام ہیں جو ہمیں قرآن مجید سے حاصل ہوئے کہ ایک انسان اللہ کی راہ میں اپنی جان دینے کو بھی تیار ہے اور اگر اس کے پاس مال زیادہ ہے تو وہ دیگر ضرورت مندوں کو بھی دے رہا ہے۔

صدر اسلام سے اب تک مسلمانوں کی قرآن سے محبت و عقیدت کا فلسفہ

: ان عظیم ترین احکام کا اعتراف دنیا کے بڑے بڑے مفکرین نے کیا ہے کہ مسلمانوں کے لیے قرآن کو روز سننا اور اسے حفظ کرنا اور اس کی تلاوت کرنا دنیا کی تمام لذتوں سے زیادہ لذت والی چیز ہے۔ اور یہ چیز ہم صدر اسلام سے دیکھ رہے ہیں کہ پیغمبرؐ اسلامﷺ اور تمام اصحاب پیغمبرؐﷺ ہمیشہ مشتاق ہوتے تھے کہ کب وحی نازل ہو اور کب کوئی آیات نازل ہوں کہ وہ فوراً ان کو حفظ کریں۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ قرآن مجید تقریباً بیس سال میں نازل ہوا اور درمیان میں ڈھائی یا تین سال انقطاعِ وحی بھی رہی ہے یعنی وحی منقطع بھی رہی ہے۔ یعنی! وہ جو مدت نزول قرآن ہے اس کے بارے میں تمام مفکرین یہ فرماتے ہیں کہ وہ بیس سال ہے۔ کیونکہ یہ قرآن آہستہ آہستہ نازل ہوا اور مسلمانوں نے اسے بڑی آسانی سے حفظ کیا۔ اُس زمانے میں مسلمان یا اہل عرب کتابت سے زیادہ آشنا نہیں تھے۔ لیکن! وہاں کی زمین اور آب و ہوا اور وہاں کا کچھ مزاج ایسا تھا کہ ان کی قوت حافظہ بہت قوی تھی۔ یہ جو چیز بھی سنتے تھے اس کو فوراً حفظ کر لیتے تھے۔ روایت ہے کہ ایک شاعر نے سو مصروں والا قصیدہ کہیں پڑھا تو لوگوں نے اسے پہلی بار سنتے ہی اسے حفظ کر لیا۔ تو قرآنی آیات کو وہ بہت شوق سے سنتے تھے اور حفظ کرتے تھے۔ کیونکہ قرآنی آیات میں انہیں فصاحت و بلاغت کی عظمت کی لذت ملتی تھی۔ اور دوسرا اس کو حفظ کرنے میں ثواب بھی تھا تو وہ لوگ بہت شوق سے اسے حفظ کرتے اور سب سے بڑھ کر پیغمبرؐﷺ تھے کہ جب کوئی آیت نازل ہوتی تھی اور آپؐﷺ کے حافظے میں رہ جاتی تھی۔ تو آپؐﷺ اسے حفظ فرماتے اور اصحاب کے نزدیک اسے تکرار فرماتے اور اس کے معنی اور ثواب بیان کرتے تو اس چیز نے لوگوں کو قرآن مجید کا ایک عجیب لذت اور اشتیاق بخشا ہوا تھا۔ اور خود ہمارے پیغمبرؐ اسلامﷺ لوگوں کو ترغیب دلاتے تھے کہ آیات قرآن کو حفظ بھی کریں اور لکھیں بھی۔

جیسا کہسورہ قلم کی ابتدائی پانچ آیات ہیں اسی سلسلے میں ہیں کہ مسلمانوں کو پڑھنے اور لکھنے کی رغبت دلائی گئی۔

نٓ ۚ وَالْقَلَمِ وَمَا يَسْطُرُوْنَ

(1) ن، قلم کی قسم ہے اور اس کی جو اس سے لکھتے ہیں۔

مَآ اَنْتَ بِنِعْمَةِ رَبِّكَ بِمَجْنُـوْنٍ

(2) آپ اللہ کے فضل سے دیوانہ نہیں ہیں۔وَاِنَّ لَكَ لَاَجْرًا غَيْـرَ مَمْنُـوْنٍ

(3) اور آپ کے لیے تو بے شمار اجر ہے۔وَاِنَّكَ لَعَلٰى خُلُقٍ عَظِـيْمٍ

(4) اور بے شک آپ تو بڑے ہی خوش خلق ہیں۔فَسَتُـبْصِرُ وَيُبْصِرُوْنَ

(5) پس عنقریب آپ بھی دیکھ لیں گے اور وہ بھی دیکھ لیں گے۔

پہلے کاتب وحی حضرت علیؑ علیہ السلام کی ذات اقدس ہے ۔: مسلمانوں کے اندر کچھ لوگ منتخب ہوئے کہ جن کو کاتبان وحی کہا جاتا ہے۔ اور ان تمام میں سب سے بلند ترین ہستی امیرالمومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ تھے۔ آپؑ وہ پہلی ہستی ہیں کہ جو نبیؐ اسلامﷺ کے اوپر ایمان لائے۔ ویسے تو ہمارے تمام آئمہؑ معصومین علیہ السلام امامؑ ہیں۔ لیکن! بظاہر مذکر میں سب سے پہلے ایمان والی ہستی ہیں۔ اور پیغمبرؐﷺ کے ہمراہ سب سے پہلی نماز گذار شخصیت بھی مولا علیؑ علیہ السلام تھے۔ یعنی! اس وقت کوئی اور نماز گذار نہیں تھا۔ پہلی دو شخصیات جو پیغمبرؐﷺ کے ساتھ نماز گذار تھیں وہ : ۔خواتین میں پہلی نماز گذار ہستی جناب خدیجہؑ سلام اللہ علیھا اور ۔مردوں میں رسولؐ اللہ ﷺ کے ساتھ پہلے نماز گذار ہستی جناب علیؑ ابن ابی طالبؑ ہیں ۔ مولا علیؑ علیہ السلام کتابت سے آشنا تھے۔ اور پیغبرؐ اسلامﷺ کی جانب سے امیرکائنات کو جو پہلا مقام ملا وہ کاتب وحی کا تھا۔ اور مولا علیؑ ہی وہ ہستی ہیں کہ جو پیغمبرؐ اسلام ﷺ کے کلام کو لکھتے تھے۔ اور پہلی ہستی ہیں کہ جنہوں نے قرآن مجید کو لکھنا شروع کیا۔ پھر اس زمانے میں اور لوگ بھی شامل ہو گئے اور کاتبین وحی کا ایک گروہ بنا اور پھر ہم دیکھتے ہیں کہ نبیؐ اسلامﷺ کی زندگی میں سینکڑوں شخصیات حافظے قرآن تھیں۔ اور لوگ لکھنے بھی لگ گئے۔ اور رحلت پیغمبرؐﷺ کے بعد بھی یہ کام جاری رہا۔ چونکہ مختلف قسم کے مسائل پیش آئے اور قرآت میں مسائل آئے تو بعد میں انہوں نے اسے منظم کر دیا۔ یعنی! ایسے نسخے جن میں کمیاں تھیں ان کو ختم کیا اور ایک دقیق نسخہ سامنے لے آئے اور پھر اسی سے انہوں نے لوگوں کو کہا کہ اسی سے لکھنا ہے۔ اور پھر اسے نظم دے دیا۔

قرآن مجید کا باقی آسمانی کتابوں سے فرق :

قرآن مجید اور باقی اسمانی کتابوں کا مقائسہ نہیں۔

قرآن مجید کو پڑھنے کی خاص خصوصیات ہیں۔

۔ ظاہری الفاظ کو پڑھنے کا اجر ۔

حفظ کرنے کا اجر و ثواب ۔

لکھنے کا اجر و ثواب اور ان سے ہٹ کر

: ۔مسلمانوں کا اپنی زندگی کے تمام امور میں قرآن سے درس لینا۔

حتیٰ رسولؐ خداﷺ کے دور میں جو سب سے پہلی اسلامی حکومت قائم ہوئی اس کا مرکز قرآن مجید ہے۔ جس طرح کہتے ہیں کہ امام مہدیؑ عج علیہ السلام جب آئیں گے تو ان کی حکومت کا عین قرآن مجید ہوگا۔ یعنی! قرآن لوگوں پر حکومت کرے گا۔ تو نبیؐ اسلامﷺ کے دور کے شروع میں جب یہ اسلامی حکومت بنی تو قرآن حکومت کر رہا تھا۔ جنگیں آئیں اور جتنے بھی لوگوں کی فردی اور اجتماعی زندگی کے معاملات ہیں جس میں شادی، طلاق، شہادت، اقتصاد، سیاست، جنگ، صلح تمام امور میں وحی خدا لوگوں کی راہنمائی کر رہا ہے۔ اور لوگ قرآن سے درس لے رہے تھے اور نبیؐ اسلامﷺ اس کی تشریح فرما رہے تھے۔ تو یہ قرآن لوگوں کی فردی اور اجتماعی زندگی میں تمام امور میں دخیل ہے۔ اسی لیے مسلمان اس کلام الہی کو پڑھنے کے عاشق تھے اور نہ کہ فقط اس کے ظاہر کو پڑھتے تھے بلکہ اس سے ہی اپنے تمام امور میں راہنمائی اور الہام لیتے تھے۔ اسی لیے کہتے ہیں قرآن مجید فقط ایسی کتاب نہیں کہ جو صرف اخلاق سیکھائے، جیسے انجیل یا صرف مذہبی ذکر سیکھائے، جیسے زبور۔ یا پھر کسی خاص ملت کے لیے صرف احکام بیان کرے جیسے تورات بلکہ قرآن مجید عالمی سطح کا ایک دستور عمل اور ضابطہ ہے۔ جو ہر ملت اور ہر قوم کے لیے ایک راہنما ہے۔ اس لیے ہم دیکھتے ہیں کہ جو لوگ قرآن کے قاری، حافظ اور کاتب رہے ان کو ہمیشہ عظمت ملی۔ اور آج بھی ایسا ہی ہے کہ جو بھی قرآن سے وابستہ ہوا وہی عظمت پا گیا۔ اور قرآن سے وابستگی یعنی امام زمانؑ عج سے وابستگی۔ قرآن آج ہمارے پاس حجت ظاہرہ ہے اور جو آج قرآن کے ساتھ ہے وہی کل امامؑ عج کے ساتھ ہے۔ تو قرآن انسان کے اندر باطن کو اور ظاہر کو دونوں کو روشن کرتا ہے اور ہمارے اندر کی تاریکیاں اور وسوسے اور جو شیاطین نے ہمارے اندر ڈالے ہوتے ہیں ان کو دور کرتا ہے۔ ہماری ظاہری زندگی کو بھی نظم دیتا ہے۔ یعنی! اگر انسان نے اپنی زندگی میں اطمینان لینا ہے تو وہ خود کو قرآن مجید سے وابستہ کرے۔ ہمارے آئمہؑ معصومین علیہ السلام بہت زیادہ قرآن سے وابستگی کا اظہار کرتےتھے۔ اورامام سید سجادؑ علیہ السلام کا خوبصورت ترین فرمان ہے کہ دنیا کہ تمام چیزیں مجھ سے لے لو اور مجھے قرآن عطا کر دو ۔ یعنی! دنیا میں اگر کچھ بھی نہ رہے۔ مگر فقط قرآن ہو تو امام سید سجادؑ فرماتے ہیں کہ میں قرآن کے ساتھ آرامش کے ساتھ رہوں گا۔

قرآن دلوں کو اطمینان اور آرامش دینے والی کتاب ہے۔

جس طرح قرآن مجید میں ارشاد ہوا کہأَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ "آگاہ ہو جاؤ! اللہ کے ذکر ہی سے دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے۔” پروردگار ہمیں قرآن سے وابستہ رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور جسطرح ہمارے آئمہؑ اس سے وابستگی کا اظہار کرتے تھے یہی محبت ہمارے قلوب میں بھی پیدا ہو۔

آمین!

سلامتی بر استاد محترم والسلام تحریر و پیشکش: سعدیہ شہباز (طالبہ)عالمی مرکز مہدویت قم

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے