ساتواں درس قرآن کریم تمہیدی گفتگو حرم مبارک میں درس قرآن، قرآن کریم کی جمع آوری کب ہوئی ، عہد رسالت اور خلفاء کے دور میں کیا ہوا؟
قرآن مجید پر نقطے اور اعراب لگانے کا کام کب ہوا اور کن شخصیات نے انجام دیا۔۔۔
استاد محترم آغا علی اصغر سیفی صاحب
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
قرآن کریم کی جمع آوری کب ہوئی ۔ آیا قرآن رسولؐ اللہ ﷺ کے دور میں جمع ہوا ؟ یا خلیفہ اول کے دور میں جمع ہوا ؟ یا خلیفہ سِوم نے جمع کیا ؟ یا امام علیؑ علیہ السلام نے جمع کیا؟اس حوالے سے کیا حقائق ہیں اور یہ ایک اہم ترین سوال ہے ؟؟
1۔رسولؐ اللہﷺ کے دور میں قرآن پر کیا کام ہوا ؟؟
جواب : رسولؐ اللہﷺ کے تئیس سالہ دور میں قرآن کریم نازل ہوا اور صحابہ کرام قرآن کو حفظ کرتے تھے۔ کاتبان وحی قرآن کو لکھتے تھے۔ اور آیات کی ترتیب رسولؐ اللہﷺ کی ہدایات کے مطابق ہوتی تھیں۔ قرآن کی تلاوت اور تعلیم مسلسل جاری تھی۔ یعنی! آیات لکھی بھی جاتی تھیں اور محفوظ بھی کی جاتی تھیں۔ آیا اسوقت بھی قرآن ایک جلد یا مصحف کی شکل میں جمع تھانہیں ! اسوقت قرآن کریم ایک جلد یا مصحف کی شکل میں جمع نہیں تھا۔
2۔خلیفہ اول کے دور میں قرآن پر کیا کام ہوا؟؟
خلیفہ اول کے دور میں جنگ یمامہ میں قرآن کے بہت سارے قاری اور حافظ شہید ہوئے۔ اس وقت مسلمانوں کو یہ تشویش ہوئی کہ قرآن کو ایک جگہ پر جمع کیا جائے۔ اس وقت خلیفہ اول نے جناب زید ابن ثابت کو یہ ذمہ داری سونپی اور صحیح بخاری کی روایت کے مطابق جناب زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قرآن کو – حفاظ کی مدد سے اور اصحاب کے پاس جو مختلف تحریری ٹکڑے تھے ان سب کو ایک جگہ ایک صحیفے کی شکل میں جمع کیا اور اسی صحیفے کو باقی علاقوں میں بھیجا گیا۔
3۔خلیفہ سوم کے دور میں قرآن پہ کیا کام ہوا؟؟
خلیفہ سوم کے دور میں مختلف علاقوں کو فتح کرنے کے بعد جو مختلف علاقے سرزمین حجاز کے ساتھ منسلک ہوئے جیسے شام ، عراق وغیرہ۔ تو اس وقت عربی لہجوں میں فرق ہونے کی وجہ سے قرأت میں اختلاف سامنے آیا۔ اس زمانے میں خلیفہ سوم نے جو کام کیا وہ یہ تھا کہ سب نسخوں کو جمع کیا اور ایک قرأت پر سب کو اکٹھا کیا اور اس کو مختلف علاقوں میں بھیجا جائے کہ قرأت یعنی! پڑھنے کے انداز میں فرق سے کہیں بعد میں کہیں الفاظ میں فرق نہ پیدا ہو جائے اور معنی میں فرق پیدا ہو جائے۔
4۔آیا امام علیؑ علیہ السلام نے بھی قرآن جمع کیا تھا اور قرآن کریم کی ترتیب کیا تھی؟؟ یا وہ کس طرح کا قرآن تھا جو انہوں نے قبول نہ کیا، اس سلسلے میں مختلف روایات ہیں۔امام جعفر صادق علیہ السلام سے بھی یہ منقول ہے کہ رسولؐ اللہ ﷺ کی وفات کے بعد حضرت علیؑ علیہ السلام نے قرآن مجید کو جمع کیا اور جب آپ قرآن کو لے کر ان لوگوں کے پاس آئے تو انہوں نے قبول نہیں کیا۔ البتہ! اس طرح کی روایات میں تفصیلات ہیں اور ان کی سند کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
یہاں دو باتیں واضح رہنی چاہئیں کہ
: ا۔شیعہ روایات میں حضرت علیؐ علیہ السلام کے قرآن جمع کرنے کا ذکر کوئی نیا ذکر نہیں، یہ قدیم مصادر میں بھی ہے اورپھر اس کی نوعیت و ترتیب ہے اس میں بھی ایک بحث ہے اور مختلف احتمال ہیں۔
ب۔آیا مولا علیؑ علیہ السلام نے جو قرآن جمع کیا تھا اس کی ترتیب موجودہ قرآن کی ترتیب سے مختلف تھی ؟
بعض کہتے ہیں کہ وہ ترتیب نزولی کے مطابق تھا۔ لیکن! اس پر ہمارے تمام علماء کا اتفاق نہیں ہے۔ اور بعض علماء کہتے ہیں کہ جو قرآن امام علیؑ علیہ السلام نے جمع کیا تھا اس کے اندر : ۔تفسیر تھی ۔شان نزول تھا یعنی! وہ قرآن کریم جو مولا علیؑ نے جمع کیا تھا وہ ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ تھا۔ یعنی! شان نزول کے ساتھ تھا اور اس کے الفاظ کی ہلکی پھلکی تشریح تھی اور مذید جو رسولؐ اللہ ﷺ کے فرامین ہیں یعنی! اس طرح مولا علیؑ نے جمع فرمایا تھا جو انہوں نے قبول نہیں کیا؟
5۔آیا اس قرآن کے اندر کوئی آیات کی کمی بیشی یا زیادتی تھی ؟
نہیں ! اس پر تمام شیعہ اثنا عشری علماء کا اتفاق ہے کہ موجودہ قرآن وہی قرآن ہے جو رسول اللہ پر نازل ہوا ہے، اس کے اصل متن میں تحریف نہیں ہوئی۔ شیخ صدوقؒ، شیخ مفیدؒ، سید مرتضیٰؒ، شیخ طوسیؒ، بڑے بڑے علمائے کرام نے اس پر اتفاق کیا کہ شیعہ مذہب کا اس پر اتفاق ہے کہ قرآن ہر طرح کی تحریف سے پاک ہے۔ 6۔قرآن مجید پر نقطے اور اعراب لگانے کا کام کب ہوا اور کن شخصیات نے انجام دیا :
شروع میں قرآن بغیر نقطے کے تھا اور اعراب بھی نہیں تھے۔ عربوں کے لیے پڑھنا آسان تھا۔ جیسے ہم لوگ اردو کے الفاظ بغیر اعراب کے پڑھ لیتے ہیں۔ لیکن! اگر کوئی اور پڑھے گا تو اس کو مسئلہ ہوگا۔مثلاً ! جو اردو زبان کو سمجھ نہیں سکتا وہ پَر کو پِر پڑھے گا۔ جب دوسرے علاقوں کے لوگ مسلمان ہوئے، جیسے ترک، فارس، ہند، مسیحی اور روم کے لوگوں کے لئے عربی پڑھنا مشکل تھا، اس لئے اعراب بھی لگے اور نقطے بھی لگے۔
ابو الاسود الدؤلی –
اس حوالے میں سب سے بڑی شخصیت جو شیعہ سنی منابع میں ہے وہ مولا علیؑ علیہ السلام کے شاگرد ابو الاسود الدؤلی ہیں، جن کی وفات 69 ہجری کو ہوئی۔ ابو الاسود الدؤلی ،مولا علی علیہ السلام کے شاگرد ہیں جنہوں نے عربی ادبیات ان سے سیکھیں۔ اور انہوں نے قرآن مجید پر اعراب لگانے کا ابتدائی کام کیا۔ اور اس وقت اس کی شکل اور تھی۔ یعنی! موجودہ شکل نہیں تھی۔ جس طرح قرآن کی شکل ہم دیکھ رہے ہیں یہ بعد میں بنی۔نصر بن عاصم الیثی نقطے لگانے کا کام تقریباً 99 ہجری میں نصر بن عاصم الیثی نے کیا۔
یحییٰ بن یعمر
بعض کہتے ہیں کہ یہ کام یحییٰ بن یعمر نے بھی کیا۔ یحییٰ بن یعمر بھی جناب ابوالاسود الدوئلی کے شاگرد تھے، انہوں نے بھی قرآن مجید پر نقطے لگائے۔
خلیل ابن احمد فراہیدی
170 ہجری میں خلیل ابن احمد فراہیدی نے زیر، ربر، پیش کی علامات کو ذرا بہت شکل میں لائے کہ جو آج کی موجود شکل ِ َ ُ سے ملتی جلتی ہیں۔ یہ کام تقریباً بنو امیہ کے زمانے میں ہی ہوا اور الحمدللہ! آج قرآن اسی شکل میں ہمارے پاس محفوظ ہے اور ہم تک پہنچا ہے۔ اس پر ہمارے بڑے بڑے شیعہ علمائے کرام کہ جنہوں نے کام کیااور ان تمام علمی موضوعات کو اکٹھا کیا۔ ۔سید محسن امین (کتاب اعیان الشیعہ کے مصنف ہیں)۔ انہوں نے بھی خاص طور پر ابوالاسود الدوئلی کا ہی ذکر کیا ہے کہ ابتدائی قرآن کے مصحف تھے ان کے حروف پر نقاط اور حرکات کا کام اسی شخصیت نے کیا ہے۔
سید حسن صدر
سید حسن صدر جنہوں نے تأسیس الشیعۃ لعلوم الاسلام کتاب لکھی انہوں نے بھی جناب ابوالاسود الدوئلی کا ہی ذکر کیا کہ جو امیرالمومنینؑ کے خاص شاگردوں میں سے تھے۔ تو بالآخر اس کے ساتھ ساتھ باقی جو نصر بن عاصم، یحییٰ بن یعمر اور خلیل بن احمد ان سب کی خدمات ہیں ۔
پروردگار عالم ان تمام ہستیوں کے درجات بلند فرمائے۔
آمین!
عالمی مرکز مہدویت قم