تازہ ترین پوسٹس

سوال 20 ہم نے احادیث و روایات میں پڑھا کہ مولا علی علیہ السلام شب و روز میں ( یعنی 24 گھنٹے میں) ایک ھزار رکعت نماز مستحب ادا کیا کرتے تھے۔ ہمارا سوال یہ ہے کہ کیسے ممکن ہے ؟

سوال 20 ہم نے احادیث و روایات میں پڑھا کہ مولا علی علیہ السلام شب و روز میں ( یعنی 24 گھنٹے میں) ایک ھزار رکعت نماز مستحب ادا کیا کرتے تھے۔
ہمارا سوال یہ ہے کہ کیسے ممکن ہے ؟
اگر ہم ہر رکعت کو ایک منٹ شمار کریں تو یہ ساڑھے سولہ گھنٹے سے زیادہ ٹائم ہے !! باقی سات گھنٹے اور کچھ منٹ بچتے ہیں !!
تو امام کیسے اپنے ذاتی کام ، بیوی بچوں کے امور، سیاسی امور، لوگوں کو تعلیم و تربیت اور دیگر معاشراتی امور نمٹاتے تھے آیا یہ بات درست ہے؟ نارمل زندگی میں یہ ناممکن لگ رہا ہے ؟ کیا یہاں کوئی کرامت ہے؟!
جواب: استاد محترم آغا علی اصغر سیفی صاحب
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
اس طرح کی احادیث امیرالمومنینؑ کے بارے میں ہیں۔ حتیٰ امام سید سجادؑ کے بارے میں ہیں۔ اور باقی آئمہؑ کے بارے میں بھی ہونگی۔ لیکن ! مثلاً ہم تک نہیں پہنچی ہیں۔ یہ تقریباً تمام آئمہؑ کی سیرت ہے۔ بحارالانوار کی 41 نمبر جلد، صفحہ نمبر 15، 23 اور 103 پر اس طرح کی احادیث نقل ہوئی ہیں۔
روایات: 1۔ سید سجادؑ علیہ السلام كَانَ عَلِيُّ بْنُ اَلْحُسَيْنِ ع يُصَلِّي فِي اَلْيَوْمِ وَ اَللَّيْلَةِ أَلْفَ رَكْعَةٍ كَمَا كَانَ يَفْعَلُ أَمِيرُ اَلْمُؤْمِنِينَ سید سجادؑ شب و روز میں یعنی! چوبیس گھنٹے میں ایک ہزار نماز ادا کرتے تھے۔ جس طرح کہ امیرالمومینؑ بھی شب و روز اللہ کی بارگاہ میں ایک ہزار نماز ادا کرتے تھے۔ بلکہ اس روایت میں آیا ہے کہ امیر المومنینؑ کے پاس پانچ سو کھجور کے درخت تھے اور مولا علیؑ ہر درخت کے پاس دو رکعت نماز ادا کرتے تھے۔
2۔ امام صادقؑ سے یہ حدیث نقل ہوئی ہے کہ : امیرالمومنینؑ اپنی زندگی کے آخری ایام میں شب و روز چوبیس گھنٹے میں ایک ہزار رکعت نماز ادا کرتے تھے۔
3۔ ایک اور حدیث میں نقل ہوا ہے کہ : مولا علیؑ علیہ السلام اپنی پوری زندگی میں ایک ہزار رکعت ادا کرتے تھے۔ یہاں پر سوال کیا گیا کہ امام علیؑ کیسے اپنے ذاتی کام، بیوی بچوں کے امور، سیاسی امور، لوگوں کو تعلیم و تربیت اور دیگر معاشرتی امور کیسے نمٹاتے تھے
یہاں ہم چند احتمال دیتے ہیں ۔:
1۔ ممکن ہے کہ یہاں ہزار واقعاً عدد نہ ہو بلکہ کثرت عبادت کی جانب اشارہ ہو۔ معمولاً عربی ماحول میں مقام فصاحت و بلاغت میں ایسا ہوتا ہے کہ اگر کسی چیز کی کثرت کو بیان کرنا ہو تو اسے کثیر عدد سے بیان کرتے ہیں لیکن! یہ لازمی مطلب یہ نہیں کہ وہ عدد اسی طرح پورا ہو۔ یعنی! ہزار رکعت عبادت کرتے تھے تو یہاں یہ بھی مراد ہے کہ مولا علیؑ کثرت سے عبادت کرتے تھے۔ اور عربی ادب میں اس طرح کا بیان رائج ہے۔
2۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ مستحب نمازوں کے لیے لازمی نہیں کہ ہم سورہ الحمد کے علاوہ کوئی اور سورۃ تلاوت کریں لیکن! اگر کرتے ہیں تو اچھی بات ہے۔ اور حتی کہ رکوع و سجود والی کیفیت کو بھی انجام دینا لازمی نہیں بلکہ ہم اشارے سے رکوع و سجود بھی کر سکتے ہیں ۔
حتی اس کے لیے قبلہ رخ ہونا اور کھڑے ہونا بھی لازمی نہیں ہے۔ ہم چلتے پھرتے اور اپنے کام انجام دیتے ہوئے بھی مستحب نماز انجام دے سکتے ہیں۔ اور صرف اشارے کے ساتھ رکوع سجود بھی کر سکتے ہیں۔ یعنی ! مولا علیؑ علیہ السلام اپنے گھریلو کام کر رہے ہیں یا اپنے باغات میں کام کر رہے ہیں یا اپنے سیاسی کام کر رہے ہیں اور ساتھ مستحب نماز بھی ادا کر رہے ہیں۔ اگر ہم ان چیزوں کو سامنے رکھیں تو بلکل ممکن ہے اور عام آدمی بھی اسی طرح اپنے روز مرہ کاموں کے ساتھ ساتھ مستحب نمازیں انجام دے سکتا ہے کیونکہ یہاں مستحب نمازوں کے لیے واجب نمازوں کی جیسی شرائط نہیں ہیں۔
بس عین ممکن ہے کہ ہم اپنے کاموں کے ساتھ باوضو ہوں۔ اور چلتے پھرتے اشاروں کے ساتھ رکوع و سجود انجام لائیں۔ اور مختصر انداز سے نماز مستحب کو انجام دے سکتے ہیں۔
پروردگار عالم ہم سب کو اپنی زندگی کی تمام ساعات اللہ تعالیٰ کی عبادت اور بندگی میں گذارنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین
عالمی مرکز مہدویت قم ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے