سلسلہ درس تفسیر سورہ حدید پہلا درس
سلسلہ درس تفسیر سورہ حدید پہلا درس
سلسلہ درس تفسیر سورہ حدید پہلا درس :
_سورہ کا تعارف ، سورہ کے موضوعات ،بسم اللہ اور پہلی آیت کی تفسیر میں نکات مہدوی پیغامات: تسبیح کی اہمیت اور فلسفہ ، طاقت علم کے ہمراہ ہو۔_
حجت الاسلام والمسلمین علی اصغر سیفی
خلاصہ:
موضوع سورہ حدید۔ (لوہا)
آیات کی تعداد : 29
اس سورہ کے بارے میں سید سجاد ؑ فرماتے ہیں:
_” اللہ چونکہ جانتا تھا کہ آخر الزمان میں ایک گروہ آئے گا جو عقل کے اعتبار سے نہایت عمیق اور ظریف ہونگے۔ اسی لیے پروردگار عالم نے سورہ توحید اور سورہ حدید کی چند آیات نازل کیں تاکہ وہ لوگ بہتر طور سے پروردگار عالم کی معرفت حاصل کریں اور اگر کوئی ان صفات سے ہٹ کر پروردگار کی معرفت حاصل کرنا چاہے گا تو وہ ہلاک ہو جائے گا”۔_
جیسا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس دور میں علم کی ترقی ہے اور لوگ علمی اور فکری اعتبار سے بہت آگے ہیں۔ اسلئے قرآن کریم جو ایک زندہ کتاب ہے اور ہر دور کے لیے ہے تو کچھ آیات اللہ نے آج کے زمانے کے صاحبان معرفت کے لیے نازل کیں کہ وہ علم میں غور و فکر کر کے خدا کو بہتر انداز سے پہچانیں اور اس کی معرفت حاصل کریں۔
یہ سورہ 29 آیات پر مشتمل ہے۔ اس سورہ کے اندر پروردگار عالم نے ہمارے عقائد پر گفتگو کی ہے۔ بلخصوص توحید اور پروردگار عالم کے 20 صفات بیان ہوئی ہیں ۔
اور اس کے علاوہ معاشرتی اور حکومتی احکام پر گفتگو ہوئی ہے۔
قیامت کے دن مومنین کس عالم میں ہونگے اور منافقین کس عالم میں ہونگے۔
گذشتہ اقوام پہ کیا گذری اور اللہ کی راہ میں کیسے انفاق ہونا چاہیے
امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے دور میں کیسے عدالت اجتماعی ہمیں مہیا ہوگی۔
اور وہ لوگ جو رہبانیت اختیار کرتے ہیں یعنی معاشرے میں اپنے وظائف اور ذمہداریوں کو چھوڑ کر صرف اور صرف چاہتے ہیں کہ روپوش ہو کر اللہ کی عبادت کریں اس کی مذمت ہے۔
سورہ حدید :
بِسْمِ اللّـٰهِ الرَّحْـمٰنِ الرَّحِيْـمِ
” اللہ کے نام سے شروع جو رحمٰن (نہایت رحمت کرنے والا ) اور رحیم (بہت بخشنے والا ہے)
رحمٰن اور رحیم دونوں کے اندر رحمت اور بخشش کا معنی ہے۔ رحمٰن کے اندر وہ رحمت ہے جو مومن منافق ، کافر ، مشرک سب کو حاصل ہو رہی ہے۔ اللہ سب کو زندگی عطا فرما رہا ہے۔ اللہ سب کو رزق دیتا ہے۔ سب کو صحت عطا فرماتا ہے سب کو علم حاصل کرنے کے مواقع دے رہا ہے۔ سب کو اولاد گھر اور جو بھی نعمات ہیں وہ عطا کرتا ہے۔
یہ پروردگار عالم کی ایک عمومی رحمت ہے جو ہمیں رحمٰن سے حاصل ہوتی ہے۔ جس میں اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دیتا ہے کہ ہم جنت یا جہنم کو بلآخر اپنے ارادے سے اختیار کریں ۔ اور اللہ نے ہمیں اپنی بیشمار نعمات عطا فرمائیں پیغمبرؐ بھیجے، اپنی کتابیں بھیجیں اور آئمہ معصومینؑ کو بھیجا۔
رحیم کے اندر خاص رحمت ہے کہ جس میں روز محشر مومنین ،اہل ایمان اور اہل اسلام بخشے جائیں گے اور جنت میں داخل ہونگے۔ یہ رحیم والی رحمت آخرت کی رحمت ہے جو فقط اہل ایمان اور اہل اسلام کو میسر ہے۔
اس کے بعد رب العزت فرماتا ہے:
سَبَّحَ لِلّـٰهِ مَا فِى السَّمَاوَاتِ وَالْاَرْضِ ۖ وَهُوَ الْعَزِيْزُ الْحَكِـيْمُ ۔ 1
جو کچھ بھی آسمانوں اور زمین میں ہے وہ اللہ کے لیے تسبیح کرتے ہیں۔ اور وہ عزیز (غلبہ پیدا کرنے والا) اور حکیم (صاحب حکمت ، دانا) ہے۔
لَـهٝ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْاَرْضِ ۖ يُحْيِىْ وَيُمِيْتُ ۖ وَهُوَ عَلٰى كُلِّ شَىْءٍقَدِيْرٌ ۔ 2
آسمانوں اور زمین کی بادشاہت اسی کے لیے ہے، وہ زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے، اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔
تسبیح
پروردگار عالم نے اس سورہ کے اندر اپنی تسبیح سے آغاز کیا کہ پروردگار عالم کے لیے تسبیح کہتی ہیں تمام مخلوقات جو آسمانوں اور زمین میں ہیں۔ خدا ہر چیز سے منزہ ہے۔
قرآن کریم میں آٹھ سورتیں ہیں کہ جن کا آغاز اللہ کی تسبیح سے ہے۔ سورہ اسرا ، سورہ نحل، سورہ الحدید، سورہ حشر، سورہ صف ، سورہ جمعہ، سورہ تغابن اور سورہ اعلیٰ اور سبح کا لفظ قرآن کریم میں 90 سے زائد بار آیا ہے۔
علمائے کرام بیان فرماتے ہیں کہ قرآن کریم میں چار سورتوں کا آغاز حمد الہیٰ سے ہوتا ہے۔ سورہ حمد، سورہ انعام، سورہ سبا اور سورہ فاطر۔
لیکن لفظ تسبیح حمد سے زیادہ آیا ہے۔ جیسا کہ نماز کے اذکار میں سبحان اللہ, الحمد للہ پر مقدم ہے کیونکہ سبحانہ کے اندر شرک اور خرافات سے جنگ ہے۔ یعنی خدا کا ہر قسم کے اس تصور سے پاک ہونا کہ جس کے اندر شرک ہے۔
پروردگار نے اپنی حمد پر اپنی توحید کو مقدم کیا ہے یعنی بتایا ہے کہ ہمارا سب سے پہلا فریضہ یہ ہے کہ ہم اپنے وجود اپنے گھر اور اپنے معاشرے کو شرک سے پاک کریں۔
قرآن میں کئی مقامات پر آسمانی بجلی کی تسبیح، فرشتوں کی تسبیح، پرندوں کی تسبیح اور پہاڑوں کی تسبیح کا ذکر ہے۔ اور قرآن کریم تسبیح کا فلسفہ بھی بیان کرتا ہے۔مثلا مصیبت کے وقت تسبیح نجات کا ذریعہ ہے جیسے جناب یونس ع نے مچھلی کے شکم سے نجات کے لیے تسبیح پڑھی۔ کہ اگر جناب یونس تسبیح نہ کرتے تو روز قیامت تک اس مچھلی کے شکم میں باقی رہتے۔
آیت کے اہم نکات:
۔ اللہ تعالیٰ ہر عیب اور نقص سے پاک ہے۔
۔ خداوند منزہ ہے۔
۔ کائنات کی ہر ہر چیز یہی کہتی ہے کہ آسمان اور زمین کی ہر ہر شئی اللہ کی تسبیح کر رہی ہے لیکن ہم اس کو نہیں سمجھ سکتے۔ اس کا ذکر قرآن میں بھی ہے۔ لیکن اہل معرفت اس تسبیح کو محسوس کرتے ہیں۔
جیسے علامہ طبا طبائی فرماتے ہیں کہ:جب وہ پروردگار کی عبادت فرماتے تھے کہ بسا اوقات میں محسوس کرتا تھا کہ میرے اردگرد پوری کائنات محو تسبیح پروردگار عالم ہے۔ دیواریں چھت، اور ہر شئی اللہ کی تسبیح میں مشغول ہے اور میں اس آواز کو سنتا تھا
مہدوی شخص کا اہم ترین فریضہ یہ ہے کہ وہ پروردگار عالم کی تسبیح میں مشغول رہے اور یہ تسبیح اس کو ہر عملی ، علمی اور فکری اور ہر حوالے سے موحد بنائے گی۔
اس آیت میں ذکر ہے کہ آسمان والوں کی تسبیح مقدم ہے۔
اللہ کی طاقت حکمت کے ساتھ ہے۔
اس میں ہمارے لیے پیغام ہے کہ ہم جتنی بھی طاقت پیدا کریں لیکن علم و دانائی کو نہ چھوڑیں۔ کیونکہ وہ ثمر بخش ہے۔ اگر علم و حکمت نہ ہو تو پھر وہ طاقت فرعونیت میں بدل جائے گی ۔ اور علم و حکمت کے ساتھ طاقت عدالت کے اجراء کرنے کا باعث ہے۔ اور یہ لوگوں کو ان کے حقوق دینے کا باعث ہے اور ان کی مشکلات کو حل کرنے کا باعث ہے۔
والسلام
تحریر و پیشکش
سعدیہ شہباز