تیسرا درس قرآن کریم
تمہیدی گفتگو
انسان کو دین کی ضرورت کیا ہے؟
کیوں اتنے دین اور انبیاء آئے ؟
کیوں صرف اسلام کو اختیار کروں؟
اتنی ترقی کے باوجود ہم کیوں اتنے بے سکون ہیں؟
استاد محترم آغا علی اصغر سیفی صاحب
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
قرآن مجید کی تفسیر سے پہلے ہم نے تمہیدی گفتگو کی تاکہ ہم قرآن مجید کے حقائق اورتمام معارف کو ہم دل کی گہرائیوں سے جان سکیں۔
انسان کو دین کی ضرورت کیا ہے؟
یہ ایک اہم سوال ہے کہ جو قدیم زمانے کے لوگوں کے ذہنوں میں بھی تھا اور آج کے جوانوں کے ذہنوں میں بھی ہے۔ یہ سوال بظاہر تو بہت سادہ ہے۔ لیکن ! اگر انسان اس کو صحیح طور پر سمجھ لے تو دین، قرآن اور وحی کی ضرورت بھی سمجھ میں آجاتی ہے۔ انسان نے آج بہت ترقی کر لی ہے۔ مثلاً سائنس، ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت یعنی! اے آئی وغیرہ اسی طرح علاج کے جدید وسائل ہیں اور انسان نے چاند ، مریخ اور خلا کو تسخیر کر لیا ہے۔ اور چند سیکنڈ میں ایک موبائل کے ذریعے انسان پوری دنیا میں ایک دوسرے سے رابطہ کر لیتے ہیں۔
تو اب سوال پیدا ہوتا ہے کہ
: اگر انسان اتنا ترقی یافتہ ہے تو پھر اسے دین کی ضرورت کیوں ہے۔؟؟
کیا دین فقط قدیم زمانے کے انسان کی ضرورت تھا؟
مثلاً ! جب انسان جاہل تھا تو اسے انبیاءؑ کی ضرورت تھی۔ لیکن! اب جب وہ سائنس کی ترقی رکھتا ہے تو اسے وحی کی ضرورت کیا ہے؟؟ اس سوال کو ہم چند نکات کے ذریعے سمجھتے ہیں۔
1۔ انسان صرف جسم ہے یا اس سے زیادہ کوئی اور چیز بھی ہے:
اگر یہ سوال ہم خود سے پوچھیں کہ میں کیا ہوں؟؟
آیا میں گوشت، ہڈی ، دماغ کا نام ہوں؟؟
یعنی! میری ضرورتیں صرف مادی ہیں کھانا پینا، گھر، لباس، علاج اور مادی اشیا؟؟ لیکن! ہم جانتے ہیں کہ ہم صرف جسم نہیں بلکہ بطور انسان ہمارے اندر عقل ہے، ضمیر ہے، احساس ہے، اخلاق ہے اور محبت اور انصاف ہے۔
تو پھر میں کون ہوں؟؟
کہاں سے آیا ہوں؟؟
کیوں پیدا کیا گیا؟؟
اور موت کے بعد مجھے کیسی زندگی گذارنی چاہیے کہ بہترین حالت میں رہوں؟؟
یعنی! اب سوالات کا تعلق فقط جسم سے نہیں رہا بلکہ انسان کے حقیقی وجود اور اس کی روح سے بھی ہے۔ تو بس! اگر کوئی انسان کو مادی وجود سمجھے تو اس کا مطلب ہے کہ اسے مکمل آگاہی نہیں ہے اور گویا ہم انسان کو مکمل نہیں سمجھ پا رہے۔
دین کی کیا ضرورت ہے؟
2۔ کیا یہ سائنس ہمیں زندگی کا مقصد بتا رہی ہے؟؟
سائنس ہمیں یہ بتاتی ہے کہ کوئی چیز کیسے ہوتی ہے۔
مثلاً! ۔ بارش کیسے ہوتی ہے؟
۔ بجلی کیسے بنتی ہے؟
۔ بیماری کیسے ہوتی ہے؟
۔ انسانی جسم کیسے کام کرتا ہے؟
لیکن! سائنس کیا نہیں بتا سکتی؟؟
۔ انسان کو پیدا ہی کیوں کیا گیا؟
اور یہ وہ مقام ہے کہ جہاں دین اور وحی کی ضرورت سامنے آتی ہے اور یہاں قرآن مجید کا یہ فرمان سورہ الذریات میں 56 نمبر آیت میں ارشاد ہو رہا ہے کہ:
وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنْسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ
"اور میں نے جنوں اور انسانوں کو اس کے سوا کسی کام کے لیے پیدا نہیں کیا کہ وہ میری عبادت کریں۔ اب یہاں ذہن میں رکھیں کہ: آیا اللہ کو ہماری عبادت کی ضرورت ہے۔ حالانکہ اللہ تو بے نیاز ہے۔ قرآن ہم پر واضح کرتا ہے کہ اللہ انسان سے رزق نہیں مانگتا بلکہ انسان اللہ کا محتاج ہے۔ یعنی ! دین اور عبادت اللہ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ خود انسان کی ضرورت ہے۔
3۔ انسان کے پاس تو عقل ہے تو پھر وحی کی ضرورت کیا ہے؟؟
یہ سوال عام طور پر بچے اور جوان کرتے ہیں کہ میرے اندر عقل تو ہے پھر وحی کی ضرورت کیا ہے؟ اور آج کل اس پر مناظرے بھی ہو رہے ہیں کہ: اللہ نے ہمیں عقل دی ہے تو پھر انبیاءؑ کو کیوں بھیجا؟؟
درست ہے! کہ عقل ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ لیکن! عقل کی بھی اپنی ایک حد ہے۔ مثلاً! عقل ہمیں یہ بتاتی ہے کہ ظلم برا ہے۔ لیکن! بہت سارے معاملات میں یہ عقلیں آپس میں اختلاف کرتی ہیں۔
۔ آیا یہ چیز حلال ہے یا حرام ہے؟
۔ موت کے بعد کیا ہوگا؟
۔ اللہ کی عبادت کیسے کریں؟
۔ نماز کتنی رکعت ہے ؟
۔ روزے کے کیا احکام ہیں؟
۔ زکوۃ کی تفصیلات کیا ہیں؟
۔ انسان آخرت میں کیسے کامیاب ہوسکتا ہے؟
یہ وہ سوال ہیں کہ یہاں عقلیں کچھ بھی نہیں کر سکتیں اور نہ ہی وہ ایک جیسی رائے دے سکتی ہیں کہ جس میں انسان کو اطمینان ہو۔ اور یہاں پھر وحی کی ضرورت ہے۔ اہم نقطہ: اسلام عقل کو رد نہیں کرتا بلکہ عقل کی صحیح سمت ہمیں بتاتا ہے اور عقل کی بھی راہنمائی کرتا ہے کہ تمھیں کس نہج پر کام کرنا چاہیے۔
4۔ آیا تمام انبیاءؑ کی بنیادی دعوت ایک ہی تھی؟؟ جی ہاں! قرآن مجید اس حقیقت کو سورہ نحل 36 نمبر آیت میں پیش کر رہا ہے۔ وَلَقَدْ بَعَثْنَا فِي كُلِّ أُمَّةٍ رَّسُولًا أَنِ اعْبُدُوا اللَّهَ وَاجْتَنِبُوا الطَّاغُوتَ ۖ اور بیشک ہم نے ہر امت میں ایک رسول بھیجا کہ تم اللہ کی عبادت کرو اور طاغوت (شیطان اور بتوں کی) بندگی سے بچو۔
قرآن مجید یہ نہیں کہہ رہا کہ تبلیغ کی دعوت فقط ہمارے پیغمبرؐﷺ نے ہی دی ہے بلکہ ہر امت میں رسولؑ آئے، حضرت آدمؑ ، حضرت نوح، حضرت ابراہیمؑ، حضرت موسیٰؑ ، حضرت عیسیٰؑ اور آخر میں ہمارے پیغمبرؐ حضرت محمدؐ مصطفیٰ ﷺ تشریف لائے۔ اور سب کی بنیادی دعوت یہ تھی کہ اللہ کو پہچانو، اللہ کی بندگی کرو ، باطل سے بچو اور انسان کو اس کی حقیقی منزل تک پہنچاؤ۔ ہو سکتا ہے کہ ذہنوں میں سوال آئے کہ:
اگر پیغام ایک ہی تھا تو پھر مختلف انبیاؑ کیوں آئے؟؟
جواب : انسانوں کی اجتماعی، انفرادی اور تہذیبی حالت بدلتی رہی ہے۔ اگر ہم مختلف زمانوں کو دیکھیں اور مختلف اقوام کی تہذیب پڑھیں تو شریعت کے احکام ایک جیسے تھے لیکن! بعض مختلف ہوگئے۔ اسی لیے پھر انبیاءؑ کی بار بار ضرورت پڑی۔ یعنی! انبیاءؑ ایک ہی دین کا پیغام لائے لیکن! شریعت کے احکام (حالات، زمان و مکان) کی تبدیلی سے کچھ بدلتے رہے۔ لیکن! ہر نبیؑ گذشتہ نبیؑ کی تصدیق کرتا رہا۔ اسلام نے حضرت موسیٰؑ اور حضرت عیسیٰؑ کو رد نہیں کیا۔ تو ایک مسلمان کا ایمان اس وقت کامل ہوتا ہے جب وہ تمام انبیاءؑ پر ایمان لائے۔
ایک سوال ہے کہ : آج اسلام ہی کیوں؟؟ یعنی! ہم گذشتہ ادیان کو بھی تو اختیار کر سکتے ہیں تو پھر اسلام ہی کیوں؟
اس کا جواب ہے کہ: جواب: اسلام خاتمیت کا دین ہے۔ رسولؐ اکرم ﷺ آخری نبیؐﷺ ہیں اور قرآن مجید آخری آسمانی کتاب ہے۔ اور اسلام کسی خاص قوم اور زمانے کے لیے نہیں بلکہ قیامت تک کی انسانیت کے لیے ہے۔ مثلاً! اسلام سے پہلے کے ادیان محدود تھے جیسے حضرت موسیٰؑ کا دین بنی اسرائیل کے لیے تھا۔ حضرت عیسیٰؑ کے دین میں اجتماعیت تھی۔ بعض ادیان قوم ، منتطقہ ، ملت تک محدود ہیں ۔ لیکن! بعض پوری دنیا کے لیے ہیں۔ اور اسلام وہ دین ہے کہ جو پوری دنیا کے لیے ہے۔ اور کسی خاص قوم کے لیے نہیں ہے۔ جیسے قرآن مجید میں ارشاد ہو رہا ہے کہ سورہ سبا 28: وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا كَافَّةً لِّلنَّاسِ ہم نے آپؐﷺ کو تمام لوگوں کے لیے بھیجا۔ اسلام اِس وقت عالمی اور عالمگیر دین ہے۔
5 ۔ کیا مذہب کا مطلب فقط نماز ، روزہ اور مسجد ہے؟؟
کچھ لوگ یہ غلط فہمی رکھتے ہیں۔ یعنی اسلام کو مسجد تک محدود کر دیتے ہیں۔ جبکہ ایسا نہیں ہے۔ بلکہ اسلام انسان کی پوری زندگی سے تعلق رکھتا ہے۔
اسلام بتاتا ہے کہ نماز کیسے پڑھنی ہے؟
روزہ کیسے رکھنا ہے؟
طالب علم کو استاد سے کیسے پیش آنا ہے؟
تاجر کو تجارت کیسے کرنی ہے؟
حکمران کو کیسے حکومت کرنی ہے؟
شوہر اور بیوی کے حقوق کیا ہے؟
اولاد کے حقوق کیا ہیں؟
پڑوسیوں کے حقوق کیا ہیں؟
یتیم اور غریب کے کیا حق ہیں؟
دشمن کے ساتھ بھی ہماری اخلاقی حدود کیا ہیں؟
یعنی! اسلام انسان کی مسجد بھی بناتا ہے اور معاشرہ بھی اس کی عبادت بھی درست کرتا ہے اور اس کے اخلاق بھی اس کا عقیدہ بھی درست کرتا ہے اور اس کے اخلاق بھی۔
6۔ جدید ترقی کے باوجود انسان پریشان کیوں ہے ؟؟
یعنی! اگر مادی ترقی انسان کی خوشی کی ضمانت ہوتی تو آج اتنے ترقی یافتہ معاشروں میں پھر انسان خوشحال کیوں نہیں اور اتنی سہولتوں کے ہونے کے باوجود اتنی ہی بے سکونی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ سائنس اور ترقی بری ہیں۔ اسلام کبھی بھی علم اور عقل سے دشمنی نہیں رکھتا۔ مسئلہ یہ ہے کہ سائنس ہمیں طاقت دے سکتی ہے لیکن! یہ ضروری نہیں کہ وہ ہمیں یہ بھی بتائے کہ یہ طاقت ہم نے کیسے استعمال کرنی ہے۔ آج دنیا میں ہم دیکھ رہے ہیں کہ طاقتور ممالک کے پاس طاقت ہے، تہذیب ہے ، ترقی کے دعوے ہیں لیکن! وہ ان تمام وسائل کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ جدید سے جدید اسلحہ انسانیت کے اجتماعی قتل پر استعمال ہو رہا ہے۔ مظلوموں پر آج کس قدر ظلم ہے۔
اپنے آپ ترقی یافتہ کہنے والے فلسطین اور آدھی دنیا میں قتل و غارت کر رہے ہیں لیکن! کوئی اس ظلم پر ٹس سے مس نہیں ہو رہا۔
سائنس کی ترقی تو ہے لیکن! اخلاق سے خالی ہے اور اخلاق کے لیے انسان کو خدا چاہیے، آخرت چاہیے، وحی چاہیے اور آسمانی کتاب چاہیے۔ اور یہاں سے قرآن مجید اور دین کی ضرورت سامنے آتی ہے۔ قرآن انسان کو ڈراتا نہیں بلکہ راستہ دکھاتا ہے۔ قرآن کسی بات سے روکتا نہیں بلکہ انسان کو حقیقت سمجھاتا ہے۔
سورہ البقرہ 256 لَاۤ اِكْرَاهَ فِی الدِّیْنِ دین میں کوئی جبر نہیں قَدْ تَّبَیَّنَ الرُّشْدُ مِنَ الْغَیِّۚ
– ہدایت گمراہی سے واضح ہوچکی۔
یعنی! دین انسان کو عقل، دلیل اور بصیرت کے ساتھ راستہ دکھاتا ہے۔ دین کو سمجھنا چاہیے ، سوال کرنا چاہیے، دلیل کی تلاش کرنی چاہیے ، تحقیقی کرنی چاہیے اب ہم سمجھ چکے ہیں کہ تمام ترترقی کے باوجود انسان دین، وحی اور قرآن سے بے نیاز نہیں ہے۔ جاری ہے ۔۔۔۔ سیرت مبارکہ پیغمبرؐ ﷺ
پروردگار عالم ہم سب کو توفیق دے کہ ہم قرآن مجید کی تفسیر اور آگاہی سے پہلے تیار ہوں اور تمام نکات کو سمجھیں اور اپنے اندر واقعاً قرآن مجید کی تشنگی اور ضرورت محسوس کریں۔ اور پھر ہم ابحاثِ قرآن میں داخل ہوں۔
آمین۔
عالمی مرکز مہدویت قم