تازہ ترین پوسٹس

امام حسن عسکریؑ کی سیرت، خدمتِ خلق اور جدال سے اجتناب پر تاکید

مدرسہ امام المنتظرؑ قم میں ادارہ عالمی مرکز مہدویت قم کے سربراہ اور استاد حوزہ علامہ علی اصغر سیفی کا خطاب

امام حسن عسکریؑ کی سیرت، خدمتِ خلق اور جدال سے اجتناب پر تاکید

قم المقدسہ: 8 ربیع الثانی کی مناسبت سے مدرسہ امام المنتظرؑ قم المقدسہ میں گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر خصوصی پروگرام منعقد ہوا، جس سے استادِ مہدویت علامہ علی اصغر سیفی صاحب نے خطاب کیا۔

علامہ علی اصغرسیفی صاحب  نے اپنے خطاب میں امام حسن عسکری علیہ السلام کی مختصر حیاتِ مبارکہ اور آپؑ کے اہم فرامین کی روشنی میں موجودہ دور کے لیے اہم دینی و اخلاقی ذمہ داریوں کو بیان کیا۔ علامہ علی اصغر سیفی نے کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کے اہم ترین فرامین میں سے ایک یہ ہے کہ انسان کی زندگی میں دو بلند ترین فضیلتیں اللہ تعالیٰ پر ایمان اور خلقِ خدا کی خدمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مومنین، بالخصوص علماء کرام کی ذمہ داری صرف دینِ حق کی ترویج اور لوگوں کو صحیح طریقے سے اللہ تعالیٰ کی عبادت کی تعلیم دینا ہی نہیں، بلکہ خدمتِ خلق اور حقوقِ بندگانِ خدا کی ادائیگی بھی ان کی اہم ذمہ داری ہے۔

ائمہؑ کی سیرت؛ عبادت کے ساتھ خدمتِ خلق

علامہ سیفی نے کہا کہ ائمہ اہل بیت علیہم السلام بلند ترین مقام و مرتبے کے حامل ہونے کے باوجود ہمیشہ لوگوں کی خدمت میں پیش پیش رہے۔ وہ مسکینوں، یتیموں، بیواؤں اور ضرورت مند افراد کی ضروریات پوری کرتے، انہیں کھانا فراہم کرتے اور معاشرے میں باہمی تعاون، محبت اور ہمدردی کو فروغ دیتے تھے۔ انہوں نے علماء اور دینی اداروں کی ذمہ داری کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی عالمِ دین، امامِ جماعت یا کسی دینی ادارے کا سربراہ لوگوں سے خمس، زکوٰۃ اور دیگر شرعی و دینی عنوانات کے تحت رقوم حاصل کرتا ہے اور انہیں اپنے ادارے کی ضروریات پر خرچ کرتا ہے تو اسے چاہیے کہ مستحق افراد کی ضروریات کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔

علامہ سیفی نے تاکید کی کہ ایک عالمِ دین کو معاشرے کے ساتھ دونوں طرح کا تعلق قائم کرنا چاہیے؛ وہ پاکیزہ مال لوگوں سے لے بھی اور اسے صحیح مصرف، خصوصاً مستحقین اور ضرورت مند افراد تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی ادا کرے۔

جدال سے اجتناب

امام عسکریؑ کی اہم تعلیم خطاب کے دوسرے اہم حصے میں علامہ سیفی نے امام حسن عسکری علیہ السلام کے ایک اور اہم فرمان کی وضاحت کرتے ہوئے جدال اور فضول بحث سے اجتناب کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر بحث بری نہیں ہوتی۔ حقائق کا علم حاصل کرنے، سوال کا جواب جاننے، علمی استفادے اور حقیقت تک پہنچنے کے لیے گفتگو اور بحث ضروری اور مفید ہے، لیکن بحث برائے بحث انسان کو اکثر لڑائی، ضد اور باہمی بغض تک پہنچا دیتی ہے۔ علامہ سیفی نے کہا کہ انسان کو ایسی بحث سے اجتناب کرنا چاہیے جس کا مقصد حقیقت تک پہنچنا نہیں بلکہ دوسرے کو شکست دینا یا اپنی بات منوانا ہو۔ امام حسن عسکری علیہ السلام کی تعلیم کے مطابق بے مقصد جدال بالآخر انسان کی توہین اور بے عزتی کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے موجودہ معاشرے میں بالخصوص سوشل میڈیا کے ماحول کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علمی اختلاف کو دشمنی اور جھگڑے میں تبدیل کرنے کے بجائے ادب، دلیل، تحمل اور حق کی تلاش کو پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔

امام حسن عسکریؑ؛ امام زمانہؑ کے والد گرامی

خطاب کے اختتام پر علامہ علی اصغر سیفی نے حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی ولادت باسعادت پر تمام مومنین، بالخصوص امام زمانہ حضرت حجت ابن الحسن عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں ہدیۂ تبریک پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن عسکری علیہ السلام کی طرف سے امت کے لیے سب سے عظیم ہدیہ ان کا فرزندِ گرامی، حضرت امام مہدی علیہ السلام ہیں۔ امام عسکریؑ کی ولادت کی خوشی مناتے ہوئے ہمیں اس عظیم امانت اور نعمت کی قدر کرنی چاہیے اور اپنے آپ کو امام زمانہؑ کی خدمت، نصرت اور رضائے الٰہی کے لیے تیار کرنا چاہیے۔

علامہ سیفی نے دعا کی کہ پروردگارِ عالم ہم سب کو امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کا شائستہ خدمت گزار بننے کی توفیق عطا فرمائے۔

آمین۔ عالمی مرکز مہدویت قم

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے